جان لیوا وائرس کا وار جاری، چین میں مزید 140 ہلاکتیں

جان لیوا کورونا وائرس سے گزشتہ روز مزید 140 افراد ہلاک ہو گئے فائل فوٹو جان لیوا کورونا وائرس سے گزشتہ روز مزید 140 افراد ہلاک ہو گئے

چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے جان لیوا کورونا وائرس سے گزشتہ روز مزید 140 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد اس وبا سے مرنے والوں کی کل تعداد 1669 ہو گئی ہے۔

ورلڈ ومیٹر کے مطابق کورونا وائرس سے اب تک 69 ہزار 269 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 11 ہزار 299 افراد کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔

اس مضر بیماری سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 11 ہزار 308 ہے جبکہ دنیا بھر کے 29 ممالک کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

ان ممالک میں چین، جاپان، سنگاپور، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، ہانگ کانگ، آسٹریلیا، امریکہ، ملائشیاء، جرمنی، تائیوان، ماکاؤ، ویتنام، فرانس، متحدہ عرب امارات، کینیڈا، فلپائن، بھارت، برطانیہ، روس، اٹلی، نیپال، کمبوڈیا، سری لنکا، فن لینڈ، سویڈن، بیلجیئم اور اسپین شامل ہیں۔

چین کے کم سے کم 10 صوبوں میں تمام سرکاری اور غیرسرکاری سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے اور لوگ اپنے گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ تمام تعلیمی ادارے، دفاتر اور فیکٹریاں بند ہیں۔ فرانس، امریکہ، برطانیہ، مصر، کینیا، روانڈا اور روس نے چین کیلئے اپنی پروازیں بند کر رکھی ہیں۔

دوسری جانب چین کے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں بنائی گئی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت کے مسئلے سے نمٹنا ہو گا اور اس پر ’مستقل طور پر پابندی عائد کرنا‘ ہو گی۔

خدشہ ہے کہ صوبہ ہوبے کے شہر ووہان میں جانوروں کی مارکیٹ سے اس وائرس کی ابتدا ہوئی تھی۔

install suchtv android app on google app store