امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی انتقام پر اتر آئے، بڑا قدم اٹھا لیا

ڈونلڈ ٹرمپ فائل فوٹو ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مواخذے کی کارروائی سے بچنے کے بعد انتقام پر اتر آئے اور اپنے خلاف گواہی دینے والے دو سینئر عہدیداروں کو برطرف کردیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین میں امریکی سفیرگورڈرن سونڈلینڈ اور لیفٹیننٹ کرنل الیگزینڈر ونڈمین کو عہدوں سےفارغ کردیا، دونوں افسران ٹرمپ کیخلاف مواخذےکی کارروائی کےاہم گواہ تھے۔

امریکی صدر کے مشیر کا کہنا ہے یہ اقدام اس لئےضروری تھاکہ لوگوں کو پیغام دیاجاسکے امریکی صدرکی مخالفت ہرگز قبول نہیں کی جائےگی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس سے نکالے گئے لیفٹیننٹ کرنل الیگزینڈر ونڈ مین یوکرین سے متعلق اعلیٰ ترین ماہر شمار کیے جاتے تھے جب کہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز ان کے بھائی امریکی قومی سلامتی کے سینئر قانون دان کو بھی آرمی ڈیپارٹمنٹ سے فارغ کیا۔

گزشتہ روز ٹرمپ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ مجھے ونڈمین سے خوش ہونا چاہیے تو ایسا نہیں ہے، میں خوش نہیں ہوں۔

یاد رہے امریکی سینیٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مواخذے کے دونوں الزامات سے بری کر دیا تھا ، مواخذے کے پہلے الزام پر ووٹنگ میں ٹرمپ کے حق میں 52 اور مخالفت میں 48 ووٹ پڑے، جب کہ دوسرے الزام پر ووٹنگ میں ٹرمپ کے حق میں 53 اور مخالفت میں 47 ووٹ پڑے تھے۔

مواخذے میں اختیارات سے تجاوز اور کانگریس کو کام سے روکنے کے الزامات لگائے گئے تھے۔

install suchtv android app on google app store