امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر کی ٹرمپ کے مواخذے کے آرٹیکلز ڈرافٹ کرنے کی ہدایت۔۔۔ٹرمپ سخت مشکل میں

امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی فائل فوٹو امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی

امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہاؤس کمیٹی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے آرٹیکلز ڈرافٹ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق ٹیلی ویژن خطاب میں نینسی پلوسی نے کہا کہ 'صدر نے یوکرین کی عسکری امداد روک کر اور اوول آفس میں اہم ملاقات کے بدلے اپنے سیاسی حریف کے خلاف تحقیقات کا اعلان کرکے اپنے سیاسی مفاد کے لیے ملکی سیکیورٹی کو داؤ پر لگایا اور اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔'

انہوں نے ہاؤس کی عدالتی کمیٹی کے چیئرمین جیرولڈ نیڈلر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ 'افسوس لیکن اعتماد اور عاجزی کے ساتھ آج میں اپنے چیئرمین سے کہہ رہی ہوں کہ وہ مواخذے کے آرٹیکلز کے ساتھ کارروائی کو آگے بڑھائیں۔'

واضح رہے کہ نینسی پلوسی کی طرف سے یہ بیان عدالتی کمیٹی کی اس سماعت کے ایک روز بعد سامنے آیا جس میں ڈیموکریٹک قانون سازوں کے مطالبے پر تین آئینی ماہرین پیش ہوئے تھے اور کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایسے عمل میں ملوث ہوئے جو آئین کی رو سے ایسے جرائم ہیں جن پر ان کا مواخذہ ہو سکتا ہے۔

تاہم ریپبلکن قانون سازوں کی جانب سے طلب کردہ چوتھے ماہر نے مواخذے کی کارروائی کو جلد بازی میں کی جانے والی اور کمزور قرار دیا تھا۔

مواخذے کے آرٹیکلز کے تحت ڈونلڈ ٹرمپ پر باضابطہ چارجز لگائے جائیں گے اور یہ عمل ایوان نمائندگان سے قبل عدالتی کمیٹی میں ہوگا۔

اگر ایوان نمائندگان میں، جہاں ڈیموکریٹک کی اکثریت ہے، مواخذے کے ان آرٹیکلز کی منظوری دے دی جاتی ہے تو پھر سینیٹ میں اس ٹرائل کا آغاز ہوگا کہ کیا ٹرمپ کو مجرم قرار دیتے ہوئے انہیں برطرف کیا جائے یا نہیں۔

سینیٹ میں ریپبلکن کی اکثریت ہے جس نے ڈونلڈ ٹرمپ کی برطرفی کے لیے حمایت ظاہر نہیں کی ہے۔

install suchtv android app on google app store