واشنگٹن کو شمالی کوریا کے میزائل تجربے پر شدید تحفظات

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو فائل فوٹو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو

واشنگٹن کو شمالی کوریا کے میزائل تجربے پر شدید تحفظات ہیں، امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات میں کئی رکاوٹیں آئیں گی، ادھر گزشتہ روز امریکا کے میزائل تجربے پر چین نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور چین کا کہنا ہے کہ امریکی میزائل تجربے سے اسلحہ کی نئی دوڑ کا آغاز ہوگا۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہےکہ واشنگٹن کو شمالی کوریا کی جانب سے مختصر فاصلے پر مار کرنے والے میزائلوں کے تجربے پر تحفظات ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ نےاعتراف کیا کہ امریکا پیونگ ینگ کے ساتھ مذاکرات کی میز پر اتنی جلدی نہیں آیا، جتنی امید تھی۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن جانتا ہے کہ تخفیف جوہری ہتھیار کے معاہدے میں کئی رکاوٹیں آئیں گی۔ مائیک پومپیو نے شمالی کوریا کی جانب سے میزائلی تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میری خواہش تھی کہ وہ ایسا نہ کرتے۔ شمالی کوریا نے گزشتہ ہفتے اپنی شمالی بندرگاہ سے مختصر فاصلے پر مار کرنے والے دو میزائلوں کا تجربہ کیا تھا۔

ادھرامریکی میزائل تجربے پر چین کو تشویش ہے۔چین نے کہا ہے کہ امریکی میزائل تجربے سے اسلحہ کی نئی دوڑ کا آغاز ہوگا۔ امریکی میزائل تجربے پر چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلحے کی نئی دوڑ کا آغاز عسکری محاذ آرائی کا سبب بنے گا۔ امریکا سرد جنگ کی ذہنیت ترک کرکے عالمی اور علاقائی امن کیلئے سازگار اقدامات کرے۔

ترجمان نے کہا کہ امریکی میزائل تجربے سے بین الاقوامی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر سنگین منفی اثرات ہوں گے۔ امریکا نے گزشتہ روز درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے کروز میزائل کا تجربہ کیا تھا۔

install suchtv android app on google app store