ایران نے برطانیہ کے تیل بردار جہاز کو قبضے میں لے لیا، ایران برطانیہ تعلقات انتہائی کشیدہ 

 برطانوی تیل بردار جہاز فائل فوٹو برطانوی تیل بردار جہاز

ایران کی جانب سے برطانوی تیل بردار جہاز کو قبضے میں لینے کے بعد برطانیہ اور ایران میں کشیدگی عروج پر پہنچ گئی، برطانیہ نے ایران کو جہاز نہ چھوڑنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے جبکہ ایران نے بھی قبضے میں لئے گئے ٹینکر کی فوٹیج جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وارننگ دینے کے باؤجود نہ سننے پر جہاز کو قبضے میں لیا گیا۔

امریکا کے بعد ایران کے برطانیہ کے ساتھ بھی تعلقات انتہائی کشیدہ ہوگئے۔

ایران نے اپنے تیل بردار جہاز کو برطانوی سکیورٹی فورسز کی جانب سے جبل الطارق میں قبضے میں لینے کے بعد برطانوی ٹینکر کو بھی آبنائے ہرمز میں تحویل میں لے لیا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ برطانوی آئل ٹینکر کا ماہی گیروں کی ایک کشتی کے ساتھ تصادم ہوا تھا، جس کے بعد اسے رکنے کے لیے کہا گیا لیکن اس نے وارننگ نظر انداز کردی۔ جس کےبعد بعد ایرانی گارڈز نے کارروائی کرتے ہوئے اسے پکڑ کر بندر عباس پہنچا دیا۔

ایرانی حکام کےمطابق ٹینکر اور عملے کے ارکان کو اس وقت تک نہیں چھوڑا جائیگا جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوجاتیں، ادھر برطانیہ نے بھی ٹینکر نہ چھوڑنے کی صورت میں ایران کو سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔

برطانوی وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ نے ٹینکر قبضے میں لینے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے اس ٹینکر کو نہ چھوڑا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

لندن حکومت اپنے بحری جہاز کا تحفظ یقینی بنائے گی۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس حوالے سے برطانیہ کا فوجی طاقت کے استعمال کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

دوسری طرف جرمنی اور فرانس کی جانب سے بھی آبنائے ہرمز میں برطانوی آئل ٹینکر کو تحویل میں لینے پر تنقید کر تے ہوئے اسے بلا جواز قرار دیا ہے۔

install suchtv android app on google app store