سعودی عریبیہ حکومت نے سنائی جنرل راحیل شریف کوخوشخبری

 جنرل راحیل شریف فائل فوٹو جنرل راحیل شریف

سعودی عرب نے پاک فوج کے سابق سربراہ اور اسلامی عسکری اتحاد کے سربراہ کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع دیدی۔

سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف 39؍ اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کے سربراہ کی حیثیت سے عہدے میں پہلی توسیع مل گئی ہے۔ انہوں نے یہ عہدہ مئی 2017ء میں سنبھالا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ توسیع ایک سال کیلئے دی گئی ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کی غرض سے سعودی عرب جانے والے وزیراعظم عمران خان کے دورہ کے بعد مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم کی شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات نہیں ہو سکی تھی لیکن ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ انہوں نے تفصیلی مذاکرات کیے تھے۔ سعودی عرب کے سفیر برائے پاکستان نواف سعید بن المالکی اپنے ملک کی قیادت سے ہدایات وصول کرنے کیلئے ریاض روانہ ہوگئے ہیں۔

خیال کیا جاتا ہے کہ وہ دو ہفتوں کیلئے سعودی عرب میں قیام کریں گے جس کے بعد وہ دو طرفہ تعلقات میں مختلف جہتیں لانے کی ہدایات لے کر اسلام آباد پہنچیں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پاک سعودی تعلقات مثالی سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں لیکن اس کی رفتار بڑھانے کی ضرورت ہے۔ سعودی عرب میں متعین پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے اس ضمن میں گزشتہ ماہ سفارشات پیش کی تھیں اور خیال کیا جاتا ہے کہ وہ بھی مشاورت کیلئے جلد اسلام آباد پہنچیں گے۔

install suchtv android app on google app store