اسرائیل مشرق وسطیٰ میں جنگ کے لیے پر تول رہا ہے: ایران

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف فائل فوٹو ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل مشرق وسطیٰ میں جنگ کے لیے پر تول رہا ہے جس سے خطے کا امن خطرے میں پڑ جائے گا، امریکی پالیسیاں اور اسرائیلی کے عزائم خطے کے امن کے لیے خطرہ بن گئی ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نےجرمنی میں سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب میں انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل مشرق وسطیٰ میں جنگ برپا کرنا چاہتا ہے، امریکی پالیسیاں اور اسرائیلی کے عزائم خطے کے امن کے لیے خطرہ بن گئی ہیں۔

وزیر خارجہ جواد ظریف نے مزید کہا کہ اسرائیلی طیارے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شام میں ایرانی تنصیبات کو مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں جس پرعالمی قوتوں کی خاموشی مجرمانہ عمل ہے، اسرائیلی جارحیت کو امریکی حمایت حاصل ہے جس سے طاقت کے توازن میں بگاڑ پیدا ہورہا ہے۔

ایرانی وزیرخارجہ نے صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکا خود تو جوہری توانائی کے معاہدے سے دست بردار ہوچکا ہے اور دیگر یورپی ممالک کو بھی معاہدے سے انخلاء پر مجبور کر رہا ہے، امریکا کو اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔

واضح رہے کہ اسرائیل پاس داران انقلاب پر حدود کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرکے شام میں ایرانی تنصیبات کو نشانہ بناتے آیا ہے جب کہ امریکا کی جوہری توانائی کے معاہدے سے دست برداری کے بعد ایران سے تعلقات نہایت کشیدہ ہیں۔

install suchtv android app on google app store