معروف کمپنی ایئربس کا بڑا اور افسوسناک قدم

 معروف کمپنی ایئربس نے اپنے سب سے بڑے جہاز اے 380 کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے فائل فوٹو معروف کمپنی ایئربس نے اپنے سب سے بڑے جہاز اے 380 کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے

ہوائی جہاز بنانے والی معروف کمپنی ایئربس نے اپنے سب سے بڑے جہاز اے 380 کی صرف 12 سال بعد ہی پیداوار بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایئربس کی جانب سے یہ فیصلہ ایمریٹس ائیرلائن کی جانب سے اے 380 کے آرڈرز کو کم کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ اے 380 کو اپنے سے سائز میں کم اور زیادہ موثر جہازوں سے مقابلے کا سامنا بھی ہے۔

خیال رہے کہ اے 380 کا مستقبل مشکوک تصور کیا جا رہا تھا کیونکہ کافی عرصہ سے اس کے آرڈرز میں کمی آنا شروع ہو گئی تھی مگر مورخہ 14 فروری 2019 کو ایئربس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تکلیف دہ فیصلہ ایمریٹس ایئرلائن کی جانب سے حالیہ آرڈرز کم کرنے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایمریٹس ایئرلائن نے ایئربس کے چھوٹے جہازوں اے 330 اور اے 350 کا آرڈر دیتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ وہ آئندہ دو سالوں میں وہ اے 380 کے صرف 14 جہازوں کی ڈیلیوری کروائے گی۔

ایمریٹس ایئرلائن کے چیئرمین شیخ احمد بن سعید المکتوم کی جانب سے بھی جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارا ادارہ اے 380 کی مینوفیکچرنگ کے آغاز سے ہی اس کا حامی رہا تاہم اب ہم اس کے آرڈرز کو کم کرتے ہوئے اعلان کر رہے ہیں کہ یہ پروگرام آگے نہیں بڑھ سکتا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال ائیربس کے چیف سیلزمین جان لیح نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر ایمریٹس نے اے 380 کے مزید آرڈر نہیں دیئے تو ایئربس کو اس کی پیدوار بند کرنا پڑے گی۔

ائیربس نے اس جہاز کی تیاری میں سالوں اور اربوں ڈالرز صرف کیے اور ایمریٹس ایئرلائن ایئربس کا سب سے بڑا گاہک ہے۔

واضح رہے کہ ائیربس اے 380 دنیا کا سب سے بڑا مسافر بردار طیارہ ہے جو تقریباً 239 فٹ لمبا ہے اور اس کی اونچائی 79 فٹ ہے۔

اسے بیک وقت تقریباً 555 مسافر لے جانے کیلئے بنایا گیا ہے اور یہ تقریباً 15 ہزار کلومیٹر تک مسلسل پرواز کر سکتا ہے۔

install suchtv android app on google app store