داعش کو تباہ کرنے کی کوششیں ترک نہیں کریں گے: امریکی وزیر خارجہ

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو فائل فوٹو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ امریکا داعش کے دہشت گرد گروپ کو تباہ کرنے کی کوششوں کو ترک نہیں کرے گا۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے واشنگٹن میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اپنے اتحادیوں کو یہ یقین دہانی کرا رہا ہے کہ شام سے امریکی فوجوں کے ممکنہ انخلا کے باوجود امریکا انھیں چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا جب کہ داعش کے خلاف لڑائی نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ امریکی اہداف میں کسی طرح کا کوئی فرق نہیں آیا، بس اتنا ہے کہ پرانی لڑائی کا یہ ایک نیا موڑ ہے اور داعش کو تباہ کرنے کی کوششوں کو ترک نہیں کریں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ فوجوں میں کمی کا معاملہ زیادہ تر حکمت عملی کی تبدیلی کا ہے اور اس کا مشن کی تبدیلی کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ہم نے عفریت کے چنگل سے تمام علاقہ واگزارکرا لیا ہے اب جب کہ ہم اپنے اتحادیوں سے مل کر داعش کے باقی ماندہ عناصر کو تباہ کررہے ہیں تووقت آگیا ہے کہ ہم شام میں تعینات اپنے فوجیوں کی وطن واپسی کا گرم جوشی سے خیرمقدم کریں۔

install suchtv android app on google app store