اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 1 فلسطینی شہید، 30 زخمی

اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 1 فلسطینی شہید فائل فوٹو اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 1 فلسطینی شہید

اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں نے فلسطینی مظاہرین پر حملہ کرکے 1 فلسطینی کو شہید اور 30 کو زخمی کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطین کے علاقے راملہ کے گاؤں المغیر میں یہودی آبادکاروں نے اسرائیلی فوج کی مدد سے مقامی فلسطینی مظاہرین پر دھاوا بول دیا، فائرنگ کے نتیجے میں 38 سالہ فلسطینی حامدی نسان شہید ہوگئے۔

فلسطین کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حامدی نسان کے کمر پر گولی لگی تھی اور وہ دوران علاج چل بسے جب کہ 30 فلسطینیوں کو زخمی حالت میں لایا گیا جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

المغیر گاؤں کے کونسل کے سربراہ امین ابوعلیا نے میڈیا کو بتایا کہ یہودی آبادکاروں نے اسرائیلی فوج کے ساتھ مل کر مقامی بستی پر دھاوا بولا، آباد کاروں کی جارحیت کے خلاف فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوج نے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور براہ راست فائرنگ کی۔

واضح رہے کہ یہودی آبادکاروں نے گزشتہ برس اکتوبر میں ایک گاڑی پر پتھراؤ کرکے گاڑی میں سوار خاتون کو شہید کردیا تھا جس پر یہودی نوجوان پر فرد جرم بھی عائد کی گئی ہے۔

 

install suchtv android app on google app store