لیبیا: وزارت خارجہ کی عمارت پر حملہ، 3 افراد ہلاک، 10 زخمی

لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں وزارت خارجہ کی عمارت پر خودکش حملہ آوروں کے حملے کے نتیجے میں سینئر سول عہدیدار سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق لیبیا کے حکام نے کہا کہ حملے میں دیگر 10 افراد زخمی بھی ہوئے جسے وزارت خارجہ نے 'دہشت گردوں' کی جانب سے خودکش حملہ قرار دیا۔

خصوصی فورسز کے ترجمان تارک الدواس نے حملے کی ذمہ دہشت گرد تنظیم 'داعش' کے جہادی گروپ پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ وزارت کی عمارت کے قریب کار بم دھماکا ہوا، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ایک خودکش بمبار نے عمارت کی دوسری منزل پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جبکہ دوسرا حملہ آور اس وقت ہلاک ہوا جب اس کے ہاتھ میں موجود سوٹ کیس دھماکے سے پھٹ گیا۔

تارک الدواس کا کہنا تھا کہ تیسرے حملہ آور کو، جو غیر مسلح تھا اور بلٹ پروف جیکٹ پہنی ہوئی تھی، سیکیورٹی فورسز نے عمارت کے باہر ہلاک کردیا۔

وزارت صحت کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے حملے میں 3 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے۔

سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ حملے میں ہلاک ہونے والوں میں وزارت خارجہ کے ایک شعبے کے سربراہ بھی شامل ہیں۔

حملے کی ذمہ داری ابتدائی طور پر کسی گروپ نے قبول کرنے کا دعویٰ نہیں کیا۔

خیال رہے کہ لیبیا میں ایک طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والے معمر قذافی کے 2011 میں اقتدار کے خاتمے کے بعد ملک میں انتشار کی فضا میں مزید اضافہ ہوگیا تھا۔

سال 2014 کے بعد سے لے کر اب تک لیبیا کے مغربی اور مشرقی حصوں میں حکومتی سطح پر تنازعات برقرار ہیں، جنہیں مختلف عسکریت پسندوں اور قبائل کی حمایت بھی حاصل ہے۔

لیبیا کے کئی علاقوں میں شدت پسند تنظیم داعش کا بھی کنٹرول ہے۔

install suchtv android app on google app store