فرانس میں فائرنگ کرکے 3 افراد کوقتل کرنے والے حملہ آورکی ہلاکت کی تصدیق

فرانس میں فائرنگ کرکے 3 افراد کوقتل کرنے والے حملہ آورکی ہلاکت کی تصدیق فائل فوٹو فرانس میں فائرنگ کرکے 3 افراد کوقتل کرنے والے حملہ آورکی ہلاکت کی تصدیق

فرانس کی کرسمس مارکیٹ میں فائرنگ کرکے 3 افراد کو قتل اور12 افراد کو زخمی کرنے والے شخص کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی۔

بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس کے وزیر داخلہ کرسٹوف کاسٹنرنے کرسمس مارکیٹ میں پولیس کی جوابی فائرنگ سے زخمی ہونے والے 29 سالہ حملہ آورشیرف شیکٹ کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔

حملہ آورمنگل کے روز اسٹراس برگ کی کرسمس مارکیٹ میں شہریوں پرفائرنگ کرکے زخمی حالت میں فرارہوگیا تھا۔ پولیس نے ملزم کے والدین اوردو بھائیوں سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت ملزم چاقو اورپستول سے لیس تھا جب کہ اس کے اپارٹمنٹ سے ایک گرنیڈ، 2 رائفل، 4 چھریاں اور شکار کے لیے استعمال ہونے والے 2 تیز دھار چاقو بھی برآمد ہوئے۔

شیرف شیکٹ اسٹراس برگ میں مراکش سے ہجرت کرکے آنے والے ایک گھرانے میں پیدا ہوا، وہ سیکیورٹی اداروں کی ملک کو ممکنہ طور نقصان پہنچانے والے افراد کی ’واچ لسٹ‘ میں شامل تھا۔ ملزم کے خلاف فرانس اورجرمنی میں چوری، ڈکیتی وغیرہ کے 27 مقدمات درج ہیں۔

 عام سے گینگ سے منسلک عادی ملزم 2013 سے 2015 میں اسیری کے دوران شدت پسند مذہبی خیالات کا حامل شخص بن گیا تھا اورجیل میں پہلی مرتبہ شدت پسند اسلامی جماعتوں سے متعارف ہوا۔

دوسری جانب شدت پسند جماعت داعش کی ویب سائٹ عمق نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ فرانس میں کرسمس مارکیٹ پر حملہ کرنے والا شیرف شیکٹ داعش کا جنگجو تھا۔

install suchtv android app on google app store