فرانسیسی صدر کا ٹیکس میں رعایت اور کم از کم تنخواہ میں اضافے کا اعلان

فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون فائل فوٹو فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون

فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے کم سے کم تنخواہ میں 100 یورو اضافے اور ٹیکس کی مد میں رعایت دینے کا اعلان کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس میں پٹرولیم مصنوعات کے خلاف تین ہفتوں سے جاری پُرتشدد احتجاج اور مظاہروں کے بعد صدر ایمانوئیل میکرون نے عوامی مطالبے کو پورا کرتے ہوئے قومی ٹیلی ویژن پر آکر اپنا موقف پیش کیا۔

فرانسیسی صدر نے تیل کی مصنوعات میں اضافے کو عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھنے اور تیل مصنوعات کی کم یابی سے منسلک کرتے ہوئے عوام کی فلاح و بہبود سے متعلق کئی فلاحی اقدامات اور ٹیکس اصلاحات کا اعلان کیا۔

صدر نے ملازمین کی کم سے کم تنخواہ میں 100 یورو اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کم آمدنی والے شہریوں کے لیے ٹیکسوں میں چھوٹ دینے اور ملازمین کو سال میں ایک ٹیکس فری بونس کا دینے کا بھی اعلان کیا۔

فرانسیسی صدر نے عوامی مطالبے پر ملازمین کے اوور ٹائم پرعائد ٹیکس ختم کردیا۔ تنخواہوں پر ٹیکس کی شرح آمدنی کے حساب سے متعین کرنے کے اعلان کے علاوہ کم پینشن لینے والے ملازمین پرعائد ٹیکس کو بھی منسوخ کر دیا۔

علاوہ ازیں فرانسیسی صدر نے شہریوں کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے تمام بڑے شہروں کے میئرز سے ملاقات کرنے اور عوامی مسائل پر بحث کو فروغ دینے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

واضح رہے کہ فرانس میں پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف تین ہفتے تک پُرتشدد احتجاج جاری رہا جس کے دوران 3 افراد ہلاک اور 2 ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے جب کہ 1700 شہریوں کو حراست میں لیا گیا تھا۔

install suchtv android app on google app store