امریکہ کے وسط مدتی انتخابات کی چار کلیدی نشستوں پر دوبارہ گنتی

ریاست ایری زونا کے شہر فینکس میں مڈٹرم الیکشن کے موقع پر بل بورڈز دکھائی دے رہے ہیں۔ 7 نومبر 2018 ریاست ایری زونا کے شہر فینکس میں مڈٹرم الیکشن کے موقع پر بل بورڈز دکھائی دے رہے ہیں۔ 7 نومبر 2018

امریکہ میں گزشتہ منگل کو روز ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی زیادہ تر مکمل ہو چکی ہے۔ تاہم چند اہم ریاستوں میں چار کلیدی انتخابی مقابلوں کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ فلوریڈا میں سینیٹ اور گورنر کی دوڑ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی جاری ہے جن میں ابتدائی گنتی کے بعد رپبلکن پارٹی کو معمولی برتری حاصل تھی۔ ادھر جارجیا ریاست میں گورنر اور ایری زونا میں سینیٹ کی سیٹ کے لئے بھی ووٹوں کا ازسرنو جائزہ لیا جا رہا ہے۔

فلوریڈا میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی جاری ہے۔ یہ ریاست صدارتی انتخاب میں ہمیشہ اہمیت اختیار کرتی رہی ہے۔ اس سال سینیٹ اور گورنر کی دوڑ میں مقابلہ انتہائی سخت رہا۔

انتخاب کے حوالے سے مقدمات دائر ہو چکے ہیں اور رپبلکن امیدوار رِک سکاٹ کی طرف سے ڈیموکریٹک پارٹی کو یہ انتخاب چوری کرنے کا الزام لگائے جانے کے بعد جمعہ کے روز برووارڈ کاؤنٹی میں لوگوں نے شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔ رپبلکن امیدوار رِک سکاٹ کا کہنا تھا کہ فلوریڈا کے ہر شہری کو اس بات پر تشویش ہونی چاہئیے کہ پام بیچ اور بروورڈ کاؤنٹیوں میں دھاندلی ہوئی ہے۔

سکاٹ فلوریڈا کے موجودہ گورنر ہیں اور سینیٹ کے انتخاب میں ڈیموکریٹک امیدوار بل نیلسن پر ان کی برتری انتہائی کم ہو گئی ہے۔

ادھر صدر ٹرمپ نے بھی یورپ جاتے ہوئے فلوریڈا کے انتخابات کے بارے میں حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نجانے کہاں سے ووٹ مل گئے۔ انہوں نے کہا کہ رپبلکن امیدوار رک سکاٹ یہ انتخاب جیت چکے تھے لیکن ان کے ووٹ ہر دو گھنٹے کے بعد کم ہوتے جا رہے ہیں۔

تاہم فلوریڈا میں مقامی انتخابی عملہ اپنے اقدامات کا دفاع کر رہا ہے۔ فلوریڈا کی انتخابی نگران سوزن بوچر کہتی ہیں کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل جاری ہے اور اس میں کسی عجلت کی کوئی ضرورت نہیں ہیں کیونکہ تمام تر توجہ مکمل درستگی پر مرکوز ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ لوگوں میں بہت زیادہ غلط فہمیاں ہیں۔

فلوریڈا میں سینیٹ اور گورنر کے مقابلوں میں بھی ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہو رہی ہے۔ گورنر کی دوڑ میں رپبلکن امیدوار رون ڈی سینٹیس نے منگل کے روز ڈیموکریٹک امیدوار اینڈریو گیلم کے خلاف کامیابی کا دعویٰ کیا تھا۔ تاہم ڈی سینٹیس کی برتری اب کم ہو گئی ہے اور گیلم نے اپنے ووٹرز سے کہا ہے کہ وہ تھوڑا صبر کریں۔

ایک اور مقابلہ جس کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے، وہ جارجیا میں ہونے والا گورنر کا انتخاب ہے جس میں ڈیموکریٹک امیدوار سٹیسی ابرامز رپبلکن امیدوار برائن کیمپ سے کچھ پیچھے ہیں۔

تاہم ان تمام مقابلوں سے منگل کو ظاہر ہونے والے انتخابی نتائج میں کسی بڑی تبدیلی کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ ان انتخابات جن میں ڈیموکریٹک پارٹی نے ایوان نمائندگان کا کنٹرول حاصل کر لیا تھا جبکہ رپبلکن پارٹی نے سینیٹ میں اکثریت حاصل کر لی تھی۔

install suchtv android app on google app store