لیبیا کے دارالحکومت میں آئل کمپنی کے دفتر پر مسلح افراد کے حملے میں 2 ملازمین ہلاک ہوگئے سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 حملہ آور بھی مارے گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں قومی آئل کمپنی کے مرکزی دفتر پر مسلح افراد نے حملہ کر دیا جہاں ایک مبینہ حملہ آور نے عمارت میں داخل ہونے میں ناکامی پر خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
چیف پولیس آفیسر احمد بن سلیم نے میڈیا کو بتایا کہ درجنوں مسلح افراد نے مرکزی دفتر پر حملہ کر کے ملازمین کو یرغمال بنالیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں کی بروقت کارروائی نے قیمتی جانوں کو بچالیا اور یرغمالیوں کو آزاد کرانے میں کامیاب ہوگئے تاہم اس دوران دو ملازمین ہلاک ہوگئے جب کہ دو حملہ آور جوابی کارروائی میں مارے گئے۔
واضح رہے کہ لیبیا میں حکومت اور باغیوں کے درمیان جھڑپوں کے باعث کشیدگی میں طرابلس جیل سے معمر قذافی کے 4 سو سے زائد حامیوں کے فرار ہونے کے بعد سے تیزی آگئی ہے جب کہ یکم ستمبر کو ہونے والی جھڑپوں میں 26 افراد ہلاک 75 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔