بلوچستان دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں: قطر

بلوچستان دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں: قطر بلوچستان دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں: قطر

قطر نے بلوچستان میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ قطری وزارت خارجہ نے ایک بیان میں دہشت گردی کے بارے میں اپنے ملک کا موقف دہراتے ہوئے کہا ہے کہ قطر ہر طرح کی دہشتگردی کے خلاف ہے خواہ اس کی وجہ اور سبب کچھ بھی ہو۔

بیان میں قطر نے پاکستان کی حکومت، عوام اور اس مجرمانہ واقعے کے شکار ہونے والوں کے خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

اقوام متحدہ کا متاثرہ خاندانوں اور حکومت سے اظہار افسوس

اقوام متحدہ نے پاکستان میں انتخابی ریلیوں اور امیدواروں پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے متاثرہ خاندانوں اور حکومت پاکستان کے ساتھ افسوس کا اظہار کیا۔

ترجمان سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔

مصیبت کی گھڑی میں پاکستان کےساتھ ہیں، سعودی شاہ سلمان

سعودی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صدر ممنون حسین کو تعزیتی پیغام میں مستونگ دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔

شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اس مجرمانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور شہداء کے لواحقین اور اسے تمام پاکستانی عوام سے دلی ہمدردی ہے۔

شاہ سلمان نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ سعودی حکومت اور عوام اس مصیبت کی گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہیں اور پاکستان اور پاکستانی عوام کی حفاظت کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہیں۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی صدر ممنون حسین کو تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔

جرمن چانسلر کی مذمت

جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے نگران وزیراعظم ناصرالملک کے نام تعزیتی پیغام میں مستونگ خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں انتخابی مہم میں دہشت گرد حملے پر شدید دکھ ہوا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

حملے پاکستانی عوام کو جمہوری حقوق سےمحروم کرنے کی کوشش ہے، امریکا

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سےجاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے پاکستانی عوام کوجمہوری حقوق سےمحروم کرنے کی کوشش ہے۔

 امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق دھماکوں میں مرنے والوں کے اہلخانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں جب کہ خطے سے دہشت گردی کے خاتمے  کے لیے پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔

حملوں کی مکمل تفتیش کی اشد ضرورت ہے، یورپی یونین

یورپی یونین نے مستونگ میں انتخابی جلسے میں خودکش دھماکے میں انسانی جانوں کے ضیاع کی مذمت کی۔ یورپی یونین کا کہنا تھا کہ دھماکے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔

یورپی یونین کے مطابق حالیہ حملوں کی مکمل تفتیش کی اشد ضرورت ہے اور توقع ہے پاکستانی حکام انتخابی سرگرمیوں کی سیکیورٹی یقینی بنائیں گے۔

جمہوری عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، برطانوی ہائی کمشنر

پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے اپنے ایک بیان میں متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی جمہوری عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز مستونگ میں انتخابی مہم کے دوران خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا تھا جس کے نتیجے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار نوابزادہ سراج رئیسانی سمیت 128 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہوئے۔ 

سراج رئیسانی بلوچستان اسمبلی کے حلقہ 35 مستونگ سے بی اے پی کے امیدوار تھے۔

7 دن میں 4 دہشت گرد حملے

انتخابی سرگرمیوں کے دوران 7 دن میں 4 دہشت گرد حملے ہوچکے ہیں جس میں 2 امیدواروں ہارون بلور اور سراج رئیسانی سمیت 150 سے زائد افراد جاں بحق اور 130 سے زائد زخمی ہوئے۔

گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے علاقے بنوں میں ایم ایم اے کے امیدوار اکرم خان درانی کی انتخابی مہم کو نشانہ بنایا گیا اور جلسے کے بعد ان کے قافلے کے قریب دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

اس سے قبل 10 جولائی کو پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار بیرسٹر ہارون بلور بھی کارنر میٹنگ کے دوران خودکش دھماکے میں شہید ہوگئے تھے، اس حملے میں 22 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

7 جولائی کو بنوں میں ہی پی کے 89 میں انتخابی مہم کے دوران متحدہ مجلس عمل کے امیدوار ملک شیریں کے قافلے کے قریب حملہ ہوا تھا، جس میں 7 افراد زخمی ہوئے تھے۔

install suchtv android app on google app store