میکسیکو میں فوجی ہیلی کاپٹر کو حادثہ، 13 افراد ہلاک

میکسیکو میں فوجی ہیلی کاپٹر کو حادثہ فائل فوٹو میکسیکو میں فوجی ہیلی کاپٹر کو حادثہ

میکسیکو میں آنے والے زلزلے سے نقصانات کا فضائی جائزہ لینے والا فوجی ہیلی کاپٹر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے۔

گزشتہ شب میکسیکو کے جنوبی اور وسطی علاقے ایک طاقتور زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھے تھے جس کی شدت 7.2 ریکارڈ کی گئی۔

غیر ملکی میڈیاکے مطابق اس زلزلے سے بلند و بالا عمارتوں اور گھروں سے لوگ باہر نکل آئے، یہ لوگ پانچ ماہ قبل آنے الے ہولناک زلزلے کے خوف سے ابھی پوری طرح بحال نہیں ہو پائے تھے کہ دوبارہ زلزلہ آگیا۔

میکسیکو شہر کے مرکزی ریفارما ایونیو اور ریاست اوحاکا کی گلیوں میں زلزلے سے خوفزدہ لوگ کھلے آسمان تلے جمع ہوئے۔

امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.2 تھی اس کا مرکز ریاست اوحاکا کے شمال مشرقی علاقے پینوٹیپا سے 53 کلومیٹر دور 24 کلومیٹر زیر زمین تھا۔

اسی دوران زلزلے سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگانے کے لیے جانے والا ایک فوجی ہیلی کاپٹر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے۔

ہیلی کاپٹر میں میکسیکو کے وزیرداخلہ الفونسو ناوریٹ پریڈا اور اوحاکا کے گورنر الہانڈرو مرٹ بھی سوار تھے تاہم وہ اس حادثے میں محفوظ رہے۔

حکام کے مطابق لینڈنگ کے دوران ہیلی کاپٹر بے قابو ہوگیا اور نیچے موجود دو گاڑیوں پر جاگرا، ہلاک ہونے والے ممکنہ طور پر گاڑی کے اندر ہی موجود تھے۔

اوحاکا ریاست کے حکام کے مطابق زلزلے سے چند عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچا اور ایک لاکھ لوگوں کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔

متاثرہ عمارتوں کے رہائشیوں کے لیے عارضی پناہ گاہیں بھی قائم کر دی گئی ہیں، مرکزی شہر میکسیکو سٹی میں لگ بھگ ایک منٹ تک اس زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور کئی پرانی عمارتوں میں دراڑیں بھی پڑ گئیں۔

خیال رہے کہ میکسیکو شہر اور جنوبی علاقے گزشتہ برس ستمبر میں آنے والے زلزلے سے بری طرح متاثر ہوئے تھے اور اس میں 360 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

install suchtv android app on google app store