روس کے دوسرے بڑے شہر میں داعش کا سیل بے نقاب

روس کی فیڈرل سیکیورٹی سروس فائل فوٹو روس کی فیڈرل سیکیورٹی سروس

روس کی فیڈرل سیکیورٹی سروس (ایف ایس بی) نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے ملک کے دوسرے بڑے شہر سینٹ پیٹرز برگ میں دہشت گرد تنظیم داعش کا ایک سیل بے نقاب کرلیا ہے جہاں شہر میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی۔

روسی خبر ایجنسی کے مطابق ایف ایس بی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 'ایف ایس بی نے داعش کے ہمدردوں کی سرگرمیوں کا کھوج لگایا اور انھیں روک دیا ہے جنھوں نے 16 دسمبر کو حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی'۔

ایف ایس بی کا کہنا ہے کہ گروپ نے شہر کے شمالی علاقے میں خود کش حملہ کرکے 'شہریوں کو ہلاک' کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔

سیکیورٹی سروس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چھاپے کے دوران گروپ کے 7 اراکین کو گرفتار کیا گیا اور پولیس نے 'بڑی مقدار میں گھریلو ساختہ بم بنانے میں استعمال ہونے والا بارودی مواد، آٹومیٹک رائفلز، اسلحہ اور انتہاپسندانہ لٹریچر برآمد کرلیا ہے'۔

ایف ایس بی کے سربراہ الیگزینڈر بروٹنیکوف نے رواں ہفتے کے آغاز میں کہا تھا کہ روس ورلڈ کپ اور 2018 کے صدراتی انتخابات کے دوران شام سے تعلق رکھنے والے انتہاپسندروں کی جانب سے حملوں کے حوالے سے الرٹ تھا۔

یاد رہے کہ 2014 میں داعش کی جانب سے شام میں خود ساختہ خلافت کے قیام کے اعلان کے بعد روس سمیت دنیا بھر سے 40 ہزار کے قریب جنگجو شام اور عراق پہنچ گئے تھے۔

روسی سیکیورٹی سروسز نے 2015 میں آگاہ کیا تھا کہ ایک اندازے کے مطابق 29 ہزار روسی شہریوں نے داعش میں شمولیت اختیار کی ہے اور اسی وسطی ایشیا سے بھی ہزاروں افراد شامل ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ روس حالیہ چند برسوں میں کئی دہشت گرد حملوں کا نشانہ بنا ہے جس میں رواں سال اپریل میں سینٹ پیٹرز برگ میں ایک خونی حملے میں ہلاک ہونے والے 14 افراد کا واقعہ بھی شامل ہے۔

install suchtv android app on google app store