پاکستان اور افغانستان کو مشترکہ دشمن کا سامنا: افغان سفیر

پاکستان کے لیے افغان سفیر ڈاکٹر عمر زاخیل وال فائل فوٹو پاکستان کے لیے افغان سفیر ڈاکٹر عمر زاخیل وال

پاکستان کے لیے افغان سفیر ڈاکٹر عمر زاخیل وال نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کو ایک جیسے چیلنجز اور دشمن کا سامنا ہے جس کی وجہ سے دونوں ممالک دہشت گردی کا شکار رہے ہیں تاہم اب خطے میں امن کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ٹیکسلا میوزم کے دورے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے لیکن آنے والے دنوں میں تعلقات مزید بہتر ہوں گے، موجودہ تعلقات دونوں ممالک کے عوام کی خواہشات پر اثر نہیں ڈالتے۔

انہوں نے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کی بہتری کے حوالے سے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ غلطیاں اور شکایات وقتی ہیں اور یہ جلد ختم ہوجائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سفارتی سطح پر تمام چیزیں صحیح سمت میں جارہی ہیں اور امید ہے آئندہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اور عوام کے درمیان رشتے کو کوئی طاقت توڑ نہیں سکتی، انہوں نے زور دیا کہ قبائلی، لسانی، مذہبی اور تاریخی تعلقات کو مزید بہتر کرکے مضبوط بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات اہم ہیں جبکہ پاکستانی اسکالر شپ پر پڑھنے والے طلباء اس تبدیلی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

install suchtv android app on google app store