اقوام متحدہ نے کیمپوں میں مقیم روہنگیا بچوں کی حالت زار تشویش ناک قرار دے دی

اقوام متحدہ نے کیمپوں میں مقیم روہنگیا بچوں کی حالت زار تشویش ناک قرار دے دی اقوام متحدہ نے کیمپوں میں مقیم روہنگیا بچوں کی حالت زار تشویش ناک قرار دے دی

اقوام متحدہ نے بنگلہ دیش کے پناہ گزین کیمپوں میں موجود ہزاروں روہنگیا مسلمان بچوں کی حالت زار کو تشویش ناک قرار دے دیا۔

میانمار میں فوج کے کریک ڈاؤن کے نتیجے میں جان بچا کر بنگلہ دیش میں پناہ لینے والے روہنگیا مسلمانوں کی مشکلات کم نہ ہوسکیں، جس کی لپیٹ میں معصوم بچے بھی آئے۔

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام کے جائزے کے مطابق اس تنازع سے متاثر ہونے والے لاکھوں روہنگیا مسلمانوں کو سنگین صورتحال کا سامنا ہے، اس معاملے میں خاص طور پر بچے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

ایک جائزے کے مطابق کیمپ میں موجود ہر 4 میں سے ایک بچہ خوراک کی کمی کاشکار ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

یو این نیوز سینٹر کی ایک رپورٹ کے مطابق پیر (20 نومبر) کو بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) کی خیرسگالی سفیر اداکارہ کرسٹین ڈیوس نے بنگلہ دیش میں پناہ گزین کیمپوں کا دورہ کیا اور  روہنگیا بچوں کی حالت زار کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کروائی۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا، 'میرے لیے روہنگیا بحران میں سب سے زیادہ تکلیف دہ بات ان بچوں کا تصور ہے، جو اپنے گھروں سے نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے'۔

کرسٹین نے کہا، 'کیمپوں میں موجود افراد میں سے آدھی تعداد بچوں کی ہے، جن میں سے کچھ اپنے والدین کو کھوچکے  ہیں اور اب بالکل تنہا ہیں'۔

انہوں نے کہا، 'میں تصور نہیں کرسکتی کہ ان بچوں اور ان کے اہلخانہ پر کیا گزری ہوگی، لیکن یہ بچے غیر معمولی طور پر بہادر ہیں'۔

واضح رہے کہ میانمار کی شمالی ریاست رخائن میں رواں برس 25 اگست سے شروع ہونے والے فوج کے کریک ڈاؤن کے نتیجے میں ہزاروں افراد نقل مکانی کرکے بنگلہ دیش فرار ہونے پر مجبور ہوئے۔

دوسری جانب اس حوالے سے بھی رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ  میانمار کے فوجیوں نے کریک ڈاؤن کے دوران روہنگیا خواتین کی عزتیں لوٹیں، اجتماعی زیادتی کی، لوگوں کو زندہ جلایا اور بلا امتیاز بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کیں۔

اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق میانمار کی سیکیورٹی فورسز انسانیت کے خلاف جرائم اور نسلی صفائی کی مرتکب ہوئیں، تاہم فوج نے اپنی اندرونی رپورٹ میں خود کو بری الذمہ قرار دے دیا تھا۔

install suchtv android app on google app store