شمالی کوریا نے کم جانگ ان کی توہین پر ٹرمپ کو ’’سزائے موت‘‘ سنادی

شمالی کوریا نے ٹرمپ کو ’’سزائے موت‘‘ سنادی فائل فوٹو شمالی کوریا نے ٹرمپ کو ’’سزائے موت‘‘ سنادی

شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے اپنے رہنما کم جانگ ان کی توہین پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ’’سزائے موت‘‘ کا مستحق ٹھہرادیا اور انہیں ایک بزدل شخص قرار دے دیا۔

برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے سرکاری اخبار ’’روڈونگ سنمن‘‘ نے اپنے اداریے میں امریکی صدر کے حالیہ دورہ جنوبی کوریا پر شدید تنقید کی اور جنوبی و شمالی کوریا کے سرحدی علاقے کا دورہ منسوخ کرنے پر انہیں بزدل شخص قرار دیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سیئول میں خطاب کے دوران شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ ان کو ظالم آمر اور ’’موٹا بونا‘‘ کہہ کر پکارا تھا، ٹرمپ کے اس خطاب کو اخبار نے شمالی کورین رہنما کی توہین قرار دیا اور لکھا کہ ’’ٹرمپ نے جو بدترین جرم کیا وہ یہ ہے کہ انہوں نے ہمارے ملک کے رہنما کی شان کی خلاف ورزی کی‘‘۔
اخبار نے مزید لکھا کہ ’’ٹرمپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ وہ ایک بھیانک مجرم ہیں جنہیں شمالی کوریا کے عوام سزائے موت سناچکے ہیں‘‘۔

اخبار نے امریکی صدر کی جانب سے شمالی و جنوبی کوریا کے سرحدی پوائنٹ کا دورہ نہ کرنے پر بھی تنقید کیا اور لکھا کہ ’’ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی کہ انہوں نے خراب موسم کی وجہ سے سرحد کا دورہ نہیں کیا لیکن یہ بات جھوٹ ہے‘‘۔

اخبار نے لکھا کہ ’’حقیقت یہ ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ بزدل ہیں اور ان میں سرحد پر موجود ہمارے فوجیوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالنے کی بھی جرأت نہیں ہے‘‘۔

install suchtv android app on google app store