دورہ چین کے دوران ٹرمپ کی 'سونگ ڈپلومیسی'

دورہ چین کے دوران ٹرمپ کی 'سونگ ڈپلومیسی' دورہ چین کے دوران ٹرمپ کی 'سونگ ڈپلومیسی'

دنیا کے تقریباً تمام ممالک دوسرے ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات کے لیے مختلف طریقے آزماتے ہیں، ایسا ہی ایک طریقہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے چین کے حالیہ دورے کے دوران اپنایا اور وہاں 'سونگ ڈپلومیسی' کا سہارا لیا۔

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریا کے خلاف اتحاد بنانے کی غرض سے جنوبی کوریا کے بعد تین روزہ دورے پر چین پہنچے اور صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔

ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول ملانیا ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ اور ان کی اہلیہ سے سابق امپریل پیلس میں ملاقات کی۔

چینی صدر اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان اہم ملاقات جمعرات کو ہوگی جہاں شمالی کوریا کے خلاف معاشی لحاظ سے سختی کرنے اور چین اور امریکا کے درمیان تجارت کو بڑھانے پر بات کی جائے گی۔

ٹرمپ انتظامیہ کو چین سے شمالی کوریا کے خلاف اقدامات میں تعاون کی توقع ہے کیونکہ پیانگ یانگ اور چین کے درمیان تجارتی حجم بہت زیادہ ہے اور شمالی کوریا کی 90 فیصد تجارت کا دارومدار چین پر ہے۔

قبل ازیں ٹرمپ نے شی جن پنگ کو چین کی کمیونسٹ پارٹی کے دوبارہ سربراہ منتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا تھا کہ 'میں صدر شی جن پنگ سے ملنے کے لیے پرعزم ہوں جنھوں نے ایک عظیم سیاسی فتح حاصل کرلی ہے'۔

یاد رہے کہ چینی صدر شی جن پنگ گزشتہ ماہ چین کی کمیونسٹ پارٹی کے سربراہ منتخب ہوئے تھے جبکہ ان کے نام اور نظریے کو پارٹی کے آئین میں شامل کرلیا گیا تھا جس کو ماہرین نے ان کی بڑی کامیابی قرار دیا تھا۔

امریکی صدر چین کی کمیونسٹ پارٹی کی کانگریس کے بعد دورے کرنے والے پہلے عالمی رہنما ہیں جبکہ صدارت سنبھالنے کے بعد یہ ان کا چین کا پہلا دورہ ہے۔

چین پہنچنے کے بعد ٹرمپ نے صدر شی جن پنگ کے ساتھ بیجنگ کے شہر فوربڈن سٹی کا دورہ کیا اور تاریخی مقامات دیکھے۔

ٹرمپ نے فوربڈن سٹی کے دورے کے بعد چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ٹویٹر پر تصاویر بھی جاری کیں لیکن وہ اگلے پیغام میں شمالی کوریا کو خبردار کرتے ہوئے کہنے لگے کہ پیانگ یانگ نے امریکا کے ماضی کے تحمل کو کمزوری سمجھ رکھا ہے جو غلط سوچ ہوگی اور ہمیں نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

امریکی صدر نے چین کے صدر شی جن پنگ اور ان کی اہلیہ پینگ لیو آن سے ملاقات کے دوران انہیں اپنی نواسی ارابیلا کشنر کی چینی زبان میں گائی ہوئی نظم کی ویڈیو دکھائی۔

ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ اور داماد جیرڈ کشنر کی 6 سالہ بیٹی نے اپنی نظم کا آغاز 'ہیلو گرینڈ پا شی، ہیلو گرینڈ پا پینگ' کے الفاظ سے کیا۔

چائے پر ہونے والی اس ملاقات کے دوران یہ ویڈیو دیکھ کر چینی صدر اور خاتون اول پینگ لیو آن متاثر ہوئے بغیر نہ رہ پائے اور ان کی نواسی کی اس کوشش کی خوب تعریف کی اور اسے 'اے پلس' قرار دیتے ہوئے 'لٹل اسٹار' کا خطاب دیا۔

شی جن پنگ نے اس امید کا  بھی اظہار کیا کہ ارابیلا جلد چین کا دورہ کریں گی۔

واضح رہے کہ مریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ چین کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان تقریباً 9 ارب ڈالر مالیت کے 20 معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ اس دورے کے دوران مزید بڑے معاہدوں پر دستخط ہونے کا بھی امکان ہے، جن میں قدرتی گیس اور سویابین کی برآمدات کے معاہدے شامل ہیں۔

install suchtv android app on google app store