پوری دنیا نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کے غم میں غمزدہ

کربلا میں جلوس عاشورہ فائل فوٹو کربلا میں جلوس عاشورہ

پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے دنیا کے طول عرض میں موجود مسلمان نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور انکے جانثاروں کی لازوال قربانی کا غم منا رہے ہیں کئی مقامات پر جلوس عزادای منعقد کئے جارہے ہیں جبکہ مجالس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور انکے جانثاروں کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کیلئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں پوری دنیا میں غم منایا جارہا ہے دنیا کے طول عرض میں جلوس عزاداری اور مجالس عزداری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

آسٹریلیا کے کئی شہروں کی طرح سڈنی میں دن کا آغاز عاشورہ واک سے ہوا جس کے بعد محمدی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیراہتمام گرینڈ ویل امام بارگاہ مجالس عزاداری منعقد ہوئی جس میں مولانا اسد رضا بخاری نے شہدائے کربلا کی لازوال قربانی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور تمام مسلمانوں کےلئے اسکو مشعل راہ قرار دیا اس موقع پر شبیہ تابوت بھی برآمد ہوا اور نوحہ خوانی بھی کی گئی۔

یورپ کےکئی ممالک برطانیہ، ڈنمارک، ناروے، فرانس، ہالینڈ، اٹلی، سپین اور جرمنی کے کئی شہروں میں نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین کا غم منایا جارہا ہے اور مسلمان اس عظیم دن کی یاد میں غمزدہ ہیں،،مختلف ممالک میں رات بھر مجالس عزاداری کا سلسلہ جاری رہا اور یوم عاشور کے دن کا آغاز نماد فجر سے ہوا جس کے بعد مجالس کا شروع ہونے والا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

کینیڈا ، امریکا اور لاطینی امریکا سمیت افریقا کے کئی ممالک میں بھی نواسہ رسول کی حضرت امام حسین علیہ السلام کی لازوال قربانی کی یاد میں مسلمان آشکبار ہیں اور عزاداری کا سلسلہ بھی جاری ہے،،افریقا کے کئی اسلامی ممالک میں امام بارگاہوں میں مجالس اور جلوس عزاداری بھی منعقد کئے جارہے ہیں۔

مشرق وسطحی کے کئی ممالک فلسطین، لبنان، شام، بحرین، مسقط کویت ، سعودی عرب ، قطر ، ترکی میں بھی لاکھوں مسلمان نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین علیہ السلام اور انکے جانثاروں کی لازوال قربانی کے غم میں غمزدہ ہیں،،بعض ممالک میں جلوس کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے مجالس عزاداری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بعض ممالک میں جلوس عزاداری نکالے گئے اور عاشقان اہلبیت نے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کررہے ہیں۔

ایشیائی ممالک میں ایران،افغانستان اور سنٹرل ایشیائی ریاستوں میں بھی یوم عاشور کی مناسبت سے مجالس اور جلوس عزاداری منعقد کی جارہی ہیں ایران کے شہر مشہد مقدس میں نکالے جانے والے جلوس ہائے عزا حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضہ اقدس اور قم المقدس میں نکالے جانے والے جلوس ہائے عزا حضرت فاطمہ معصومہ علیھا السلام کے روضے پر اختتام پذیر ہونگے جہاں مجلس شام غریباں برپا کی جائے گی۔

مقبوضہ وادی میں قابض فوجیوں کی وحشیانہ کارروائیوں کا سلسلہ یوم عاشور کے روز بھی نہ رکا،، نواسہ رسولﷺ اور انکے جانثاروں کا غم منانے والوں پر تشدد کا سلسلہ مسلسل جاری ہےادھر مقبوضہ وادی کے کئی علاقوں میں کرفیو نافذ کرکے تشدد کا بدترین سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس میں ابتک درجنوں افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ وادی کو یوم عاشور کے موقع پرچھاؤنی میں بدل دیا گیا ہے،، آٹھ تھانوں شہید گنج، کرن نگر، مائسمہ، کوٹھی باغ، شیر گری، کرالہ کھڈ، بٹہ مالو اور رام منشی باغ کی حدود کی بجائے اب پورے سری نگر اور دیگر اضلاع میں بھی قابض فوجیوں کی بڑی تعداد کو سخت ناکہ بندی کرکے تعینات کردیا ہے جو جلوس میں شرکت کےلئے نکلنے والے کشمیری مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنارہے ہیں۔

کٹھ پتلی حکومت نے ایک بار پھر چالبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلمانوں کے اہم ترین مذہبی دن کے موقع پر مقبوضہ وادی کے کئی علاقوں میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذ کردیا ہے،،قابض فوجی ہاتھوں علم تھامے نکلنے والے مسلمانوں پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کرکے تشدد کا نشانہ بنارہے ہیں،،سری نگر، اسلام آباد ڈسٹرکٹ اور پلوامہ سمیت کئی علاقوں میں ابتک درجنوں شہری زخمی ہوچکےہیں۔

قابض فوجیوں نے کئی علاقوں میں زبردستی مساجد اور امام بارگاہوں کو بند کرکے متعلقہ علاقوں میں بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے،،جو شہریوں کو مساجد میں جانے سے روک رہی ہے،،قابض فوجیوں نے بعض علاقوں میں زبردستی مارکیٹیں بھی بند کرادی ہیں جسکی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

install suchtv android app on google app store