امریکا کی نئی سفری پابندی میں شمالی کوریا بھی شامل

امریکا کی نئی سفری پابندی میں شمالی کوریا بھی شامل امریکا کی نئی سفری پابندی میں شمالی کوریا بھی شامل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیا سفری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے شمالی کوریا، چاڈ اور وینزویلا کے شہریوں پر امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کردی جبکہ سوڈان کا نام سفری پابندی کی موجودہ فہرست سے خارج کردیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکا کی جانب سے نئی پابندیاں گذشتہ '90 روزہ سفری پابندی' کی میعاد ختم ہونے کے بعد عائد کی گئی ہیں تاہم وائٹ ہاؤس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ اقدام امریکا کو کسی بھی دہشت گرد حملے سے محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔

امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے غیر ملکیوں کے امریکا میں داخلے کے لیے سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم گذشتہ حکومت کی ناکام پالیسی جاری رکھنے کے متحمل نہیں ہیں جس کی وجہ سے ملک کو ناقابلِ قبول خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔‘

ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ امریکی عوام کی حفاظت کو یقینی بنانا ان کی اولین ترجیح ہے اور نئی سفری پابندی جاری کرتے ہوئے انہوں نے اپنی قومی ذمہ داری پوری کی۔

یاد رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے متنازع ایگزیکٹو حکم نامہ رواں سال جنوری میں جاری کیا تھا، جس کے ذریعے 7 مسلم اکثریتی ممالک کے تارکین وطن اور ویزا ہولڈرز پر امریکا میں داخلے پر 90 روز کی پابندی لگائی گئی تھی۔

بعد ازاں حکم نامے میں نظرثانی کرتے ہوئے اس میں سے عراق کے نام کو خارج کردیا گیا تھا، جبکہ ایران، لیبیا، صومالیہ، سوڈان، شام اور یمن کے شہریوں کے لیے اس پابندی کو برقرار رکھا گیا تھا۔

تاہم نئی سفری پابندی کے تحت شمالی کوریا اور افریقی ملک چاڈ پر مکمل جبکہ جنوبی افریقی ملک وینزویلا پر جزوی پابندی عائد کی گئی ہے جس کے بعد ان ممالک کے شہری بھی امریکا میں داخلے کے اہل نہیں ہوں گے۔

نئی سفری پابندی کے حکم نامے کے مطابق شمال مشرقی افریقی ملک سوڈان کا نام گذشتہ حکم نامے سے خارج کردیا گیا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ سوڈان پر ایک دہائی قبل عائد پابندی پر رواں برس اکتوبر میں نظر ثانی کی جائے گی تاہم اس سے قبل ہی سوڈان نے دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کیے ہیں۔

امریکی حکام کا مزید کہنا تھا کہ شمالی کوریا اور وینزویلا کے شہریوں پر امریکا میں داخلے پر عائد کی جانے والی پابندی سے ظاہر ہے کہ یہ سفری پابندی صرف ’مسلم ممالک‘ پر نہیں ہے بلکہ اس پابندی کا مقصد امریکی عوام کا تحفظ ہے۔

install suchtv android app on google app store