دنیا کو پاکستان سے عزت سے پیش آنا چاہیے: جیریمی کوربن

برطانیہ کی اپوزیشن جماعت ’لیبر پارٹی‘ کے سربراہ جیریمی کوربن فائل فوٹو برطانیہ کی اپوزیشن جماعت ’لیبر پارٹی‘ کے سربراہ جیریمی کوربن

برطانیہ کی اپوزیشن جماعت ’لیبر پارٹی‘ کے سربراہ جیریمی کوربن کا کہنا ہے کہ دیگر ممالک کو پاکستان کے ساتھ عزت سے پیش آنا چاہیے اور اس پر تنقید سے گریز کرنا چاہیے۔

برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کو انٹرویو کے دوران جیریمی کوربن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان سے متعلق حالیہ بیان کے حوالے سے کہا کہ پاکستان ایسا ملک ہے جس کے ساتھ عزت سے پیش آنا چاہیے اور اس پر باہر سے تنقید نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ’دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام ممالک کو ہر ممکن کردار ادا کرنا ہوگا اور اس کا اطلاق سب پر ہوتا ہے۔

امریکی صدر کی افغانستان سے متعلق پالیسی کے حوالے سے برطانوی اپوزیشن جماعت کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’ڈونلڈ ٹرمپ کی افغانستان میں امریکی افواج کی تعداد میں اضافے کی نئی پالیسی افغانستان کے بارے میں ان کی ناکام پالیسی کا تسلسل ہے، میں اس کی حمایت نہیں کرتا کیونکہ افغانستان کے مسئلے کا حل سیاسی مذاکرات ہیں۔‘

میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر مظالم اور آنگ سان سوچی پر تنقید کے حوالے سے ایک سوال پر جیریمی کوربن نے کہا کہ ’جب آنگ سان سوچی کو گھر میں نظر بند کیا گیا تو ہم نے ان کی حمایت میں مارچ کیے، اب انہیں بھی چاہیے کہ وہ روہنگیا عوام کے انسانی حقوق کا خیال رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ انہیں اپنے ہی ملک میں گھروں سے نہ نکالا جائے۔‘

برطانیہ میں دہشت گردی کے واقعات کے بعد مسلمانوں کے خلاف نفرت پر مبنی جرائم اور تیزاب پھینکنے جیسے واقعات کے حوالے سے سربراہ اپوزیشن جماعت کا کہنا تھا کہ ’نفرت پر مبنی جرائم چاہے مسلمانوں کے خلاف ہوں، یہودیوں کے یا کسی بھی مذہب کے خلاف ان کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ہم سب ایک برادری کی حیثیت سے ان حملوں کے خلاف متحد ہیں اور یہ حملے کسی مخصوص کمیونٹی پر نہیں بلکہ ہم سب پر کیے گئے ہیں۔‘

install suchtv android app on google app store