اردن کے انتخابات میں اخوان المسلمون کی حزب اختلاف اور فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے نظریاتی اتحادیوں نے منگل کے انتخابات میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں جس کے بعد وزیراعظم بشیر خصاونہ اپنی کابینہ سمیت مستعفی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اردن کے پارلیمانی انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں نے قابل ذکر کامیابیاں حاصل کیں اور حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہیں۔
اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم نے وزیراعظم بشیر خصاونہ اور ان کی کابینہ کا استعفیٰ قبول کرلیا تاہم انھیں نئی حکومت کی تشکیل تک کام جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم نے جعفر حسان کو ملک کا نیا وزیراعظم مقرر کردیا۔
امریکا سے تعلیم حاصل کرنے والے جعفر حسان جو اس وقت اردن کے شاہ عبداللہ دوم کے دفتر کے سربراہ اور سابق وزیر منصوبہ بندی بھی رہے ہیں، مستعفی وزیراعظم بشیر خصاونہ کی جگہ لے لیں گے۔
جعفر حسان کی نئی کابینہ کو معیشت پر غزہ جنگ کے اثرات کو کم کرنے کے چیلنجوں کا سامنا کرنا ہوگا اور سرمایہ کاری پر پابندیوں اور سیاحت میں تیزی سے کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔