گزشتہ رات جنوبی غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے 2 فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 123 ویں اسکواڈرن کا ایک UH-60 بلیک ہاک ہیلی کاپٹر یونٹ 669 میڈیکل ٹیم کے ساتھ علاقے میں ملٹری کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے اہلکار کو نکالنے کے لیے رفح گیا تھا۔
ترجمان اسرائیلی فوج نے مزید کہا کہ لینڈنگ کے آخری مرحلے کے دوران ہیلی کاپٹر صحیح طریقے سے زمین کو چھونے کے بجائے گر کر تباہ ہو گیا۔ ہیلی کاپٹر حادثے میں دہشت گردی کے عنصر کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے۔
حادثے میں ہیلی کاپٹر کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں سوار تمام افراد زخمی ہوئے جنھیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 2 فوجی اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی گئی جب کہ 4 کی حالت تشویشناک ہے۔
ترجمان اسرائیلی فوج کے بیان میں ہلاک اور زخمی ہونے والے فوجیوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم یہ کہا گیا ہے کہ ان کے اہل خانہ کو مطلع کر دیا گیا۔
حماس کی جانب سے تاحال اس واقعے پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔