لی کیانگ چین کے نئے وزیراعظم منتخب

لی کیانگ فائل فوٹو لی کیانگ

چینی صدر شی جن پنگ کے سب سے قابل اعتماد ساتھیوں میں سے ایک لی کیانگ نے چین کے نئے وزیراعظم کا منصب سنبھال لیا۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق لی کیانگ شنگھائی پارٹی کے سابق سربراہ ہیں جنہیں ملک کی پارلیمنٹ کے اجلاس میں سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم لی کی چیانگ کا جانشین نامزد کیا گیا۔

63 سالہ لی کیانگ نے نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) میں 2 ہزار 900 سے زیادہ مندوبین سے تقریباً تمام ووٹس حاصل کرلیے، جس سے ایک روز قبل ہی شی جن پنگ ڈپٹیز کے ذریعے متفقہ طور پر صدر کے طور پر تیسری مدت کے لیے منتخب ہوئے تھے۔

صدر شی جن پنگ کی جانب سے لی کیانگ کو بطور وزیراعظم نامزد کرنے کی قرار داد ہفتے کی صبح چیمبر میں پڑھ کر سنائی گئی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لی کیانگ کو چین کا نیا وزیراعظم منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نےچین کے نومنتخب وزیراعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاک چین اسٹریٹجک تعاون اور شراکت داری کو بڑھانے کےلیے لی کیانگ کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھے اعتماد ہے کہ اب ہمارے دوطرفہ تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہوں گے۔

install suchtv android app on google app store