میکسیکو میں جیل پر مسلح افراد کا حملہ، اہل کاروں سمیت 14 ہلاک، متعدد قیدی فرار

میکسیکو میں جیل پر مسلح افراد کا حملہ، اہل کاروں سمیت 14 ہلاک، متعدد قیدی فرار فائل فوٹو میکسیکو میں جیل پر مسلح افراد کا حملہ، اہل کاروں سمیت 14 ہلاک، متعدد قیدی فرار

میکسیکو کے شمالی شہر واریز کی جیل پر مسلح افراد کے حملے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 24 قیدی جیل سے فرار ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق پراسیکیوٹر آفس نے کہا کہ میکسیکو کے سرحدی شہر واریز کی جیل پر مسلح افراد نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 10 جیل گارڈ اور سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 14 افراد ہلاک ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق بکتر بند گاڑیوں پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ صبح ہونے کے تقریباً پانچ گھنٹے بعد سیکورٹی فورسز نے صورت حال پر قابو پالیا جہاں جیل کے اندر قیدیوں کے درمیان لڑائی بھی ہوئی۔

سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے سے قبل مسلح افراد نے میونسپل پولیس پر بھی فائرنگ کی جس کے بعد پولیس نے حملہ آوروں کا پیچھا کیا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ پولیس نے ان کی گاڑی قبضے میں لے لی۔

بعدازاں بکتر بند گاڑی میں سوار حملہ آوروں نے جیل کے باہر سیکیورٹی فورسز کے ایک اور جتھے پر فائرنگ کردی جہاں سالِ نو کے موقع پر جیل میں قید اپنے رشتہ داروں سے ملنے آنے والے اہل خانہ میں شور مچ گیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق کچھ مشتعل قیدیوں نے مخلتف اشیا کو جلا دیا اور سیکیورٹی اہلکاروں سے جھگڑا بھی کیا۔

پراسیکیوٹر کے مطابق حملے کے دوران 13 قیدی زخمی ہوئے ہیں جبکہ 4 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، تاہم یہ تعین نہیں ہوا کہ وہ حملہ آور ہیں یا قیدی۔

پراسیکیوٹرز نے کہا کہ وہ تفتیش کر رہے ہیں کہ حملے کے پیچھے کیا مقاصد تھے۔

خیال رہے کہ اسی جیل میں لڑائی اور فسادات کے متعدد واقعات ہوچکے ہیں جن میں مارچ 2009 کا خونی واقعہ بھی شامل ہے جس میں 20 افراد ہلاک ہوئے تھے نہ صرف یہ بلکہ اگست 2022 میں دو حریف گینگز کے درمیان جھگڑے کے نیتجے میں 3 قیدی ہلاک ہوئے تھے۔

ہیومن رائٹس کمیشن کی فروری 2022 کی رپورٹ کے مطابق جیل میں 37 سو سے زائد قیدی ہیں جبکہ اس کی گنجائش صرف 3 ہزار 135 قیدیوں کی ہے۔

فروری 2016 میں میکسیکو کے دورے پر پوپ فرانسس نے ریاستی جیل کے صحن میں 700 قیدیوں اور ان کے اہل خانہ سے اجتماعی طور پر خطاب کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق میکسیکو میں خاص طور پر سرکاری جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی اور پرتشدد واقعات عام ہیں جہاں حریف گینگز میں حالیہ برسوں تنازعات میں اضافہ ہوا ہے۔

install suchtv android app on google app store