روس نے یوکرین کے الحاق شدہ علاقوں میں مارشل لا نافذ کر دیا

صدر ولادیمیر پوٹن فائل فوٹو صدر ولادیمیر پوٹن

صدر ولادیمیر پوٹن نے یوکرین کے اُن چار شہروں میں مارشل لا نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے جن کا فوجی قبضے کے بعد متنازع ریفرنڈم کے ذریعے روس سے الحاق کیا گیا تھا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر نے امن عامہ کا بہانہ بناکر اپنے زیر قبضہ یوکرین کے شہروں خیرسون، زاپوریژیا، ڈونیٹسک اور لوہانسک میں مارشل لا کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ ماہ کی 30 تاریخ کو متنازع ریفرنڈم کے ذریعے ان شہروں کو روس میں ضم کیا گیا تھا۔ ان چاروں شہروں میں روس کے حمایت یافتہ باغی یوکرین سے علیحدگی کے لیے کافی عرصے سے جدوجہد کر رہے تھے۔

رواں برس فروری میں روس نے یوکرین پر فوج کشی کی اور ان باغیوں کی مدد سے خیرسون، زاپوریژیا، ڈونیٹسک اور لوہانسک میں قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد ہزاروں کی تعداد میں یوکرینی شہری نقل مکانی پر مجبور ہوئے تھے۔

ان علاقوں کے الحاق کے باوجود روسی فوج کو یہاں مزاحمت کا سامنا تھا جسے مکمل طور پر کچلنے کے لیے صدر پوٹن نے ان شہروں میں مارشل لا نافذ کیا ہے۔

install suchtv android app on google app store