چین میں طوفان کے دوران بحری جہاز دو ٹکڑے ہوگیا، متعدد افراد لاپتا

چین میں طوفان کے دوران جہاز دو ٹکڑے ہوگیا فائل فوٹو چین میں طوفان کے دوران جہاز دو ٹکڑے ہوگیا

بحیرہ جنوبی چین میں سمندری طوفان کے دوران جہاز کے دو ٹکڑے ہونے کے بعد عملے کے 2 درجن سے زائد ارکان لاپتا ہوگئے ہیں جنہیں تلاش کرنے کے لیے امدادی کارکنان سرگرداں اور متحرک ہیں۔

چین میں رواں سال آنے والے پہلے طوفان کے دوران جنوبی ساحلوں پر شدید آندھی چلی اور خوب بارش ہوئی جب کہ پیشن گوئی کرنے والوں نے ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے گوانگ ڈونگ سمیت دیگر صوبوں میں ریکارڈ بارشوں اور ان کے نتیجے میں تباہی کے انتہائی خطرے سے متنبہ کیا ہے۔

قومی موسمیاتی مرکز نے ایک بیان میں بتایا کہ سمندری طوفان جسےچابا کا نام دیا گیا تھا، ہفتے کی دوپہر گوانگ ڈونگ کے ماومنگ شہر سے ٹکرانے کے بعد شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔

 

ہانگ کانگ گورنمنٹ فلائنگ سروس کے مطابق طوفان سے انجینئرنگ جہاز جو ہانگ کانگ سے 160 ناٹیکل میل جنوب مغرب میں موجود تھا اسے کافی نقصان پہنچا اور وہ دو ٹکڑے ہو گیا جب کہ جہاز پر موجود 30 رکنی عملہ اس سے اتر گیا تھا۔

حکام نے بتایا کہ 3 افراد کو بچا لیا گیا اور علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

حکام کی جانب سے فراہم کردہ فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ ایک شخص کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کرنے کے بعد لے جایا جا رہا ہے جب کہ لہریں نیچے آدھے ڈوبے ہوئے جہاز سے ٹکرا رہی ہیں۔

جاری کردہ سرکاری بیان کے مطابق جہاز کے عملے میں سے 3 زندہ بچ جانے والوں نے بتایا کہ جہاز کے عملے کے دیگر ارکان پہلے ہیلی کاپٹر کے پہنچنے سے قبل ہی شاید لہروں میں بہہ گئے ہوں گے۔

سمندری طوفان چابا اس سے قبل بحیرہ جنوبی چین کے وسطی حصے میں بننا شروع ہوا تھا جو ہفتے کی دوپہر جنوبی چین کے صوبے گوانگ ڈونگ سے ٹکرایا۔

امدادی کارکنوں نے جہاز کو سمندی طوفان 'چابا' کے مرکز کے قریب پایا جہاں سخت موسمی حالات اور انتہائی تیز ہواؤں نے ریسکیو آپریشن کو مزید مشکل اور خطرناک بنا دیا۔

طوفان کی شدت سے متعلق حکام نے بتایا کہ جہاز کے مقام پر ہوا کی رفتار 144 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی جب کہ لہروں کی اونچائی 10 میٹر تھی۔

گورنمنٹ فلائنگ سروس نے امدادی کارروائیوں میں تیزی کرتے ہوئے 2 فکسڈ ونگ ہوائی جہاز اور چار ہیلی کاپٹر روانہ کیے ہیں کہ چینی حکام نے بھی امدادی کشتی روانہ کی۔

امدادی کارروائیوں میں شریک حکام نے بتایا کہ وہ بڑی تعداد میں لوگوں کے لاپتا ہونے کی وجہ سے تلاش کا دائرہ بڑھا رہے ہیں اور اگر حالات نے اجازت دی تو سرچ اینڈ رسکیوآپریشن کو رات کے اوقات میں بھی جاری رکھا جائے گا۔

install suchtv android app on google app store