دبئی ایکسپو 2020 میں داخلہ مفت کردیا گیا

دبئی ایکسپو 2020 فائل فوٹو دبئی ایکسپو 2020

دبئی میں عالمی نمائش 'ایکسپو 2020' جاری ہے،کل 2 دسمبر کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای)کے قومی دن پر نمائش میں داخلہ مفت کردیا گیا ہے۔

یکم اکتوبر سے شروع ہونے والی دبئی ایکسپو 31 مارچ 2022 تک جاری رہےگی، ایکسپو میں پاکستانی پویلین کو بھی خوب پذیرائی مل رہی ہے۔

دنیا کے سب سے بڑے تجارتی اور تفریحی شوکہے جانے والی ایکسپو میں سیاحوں کی گرم جوشی دیدنی ہے، ہر طرف منفرد اور اعلیٰ معیار کے پویلین ہیں جہاں سیاحوں کا تانتا بندھ چکا ہے۔

کل 2 دسمبر کو یو اے ای کے قومی دن کے موقع پر منتظمین نے تمام افراد کے لیے ایکسپو میں فری داخلےکا اعلان کیا ہے۔

خیال رہےکہ دبئی ایکسپو 2020 کا ٹکٹ 95 درہم (تقریباًساڑھے4 ہزار پاکستانی روپے) رکھا گیا ہے جو کہ ایک مہینےکے لیےکارآمد ہے۔

ایکسپو انتظامیہ کے مطابق 18 سال اور اس سے زائد افراد کو داخلےکے لیے کورونا ویکسینیشن کا ثبوت اور 72 گھنٹے کے اندر لیا گیا کورونا پی سی آر ٹیسٹ کا منفی نتیجہ دکھانا ہوگا۔

خیال رہے کہ دبئی ایکسپو 2020 میں 192 ممالک سمیت دنیا بھر کی بڑی کمپنیاں شرکت کررہی ہیں، اس بار تمام ممالک کو اپنے اپنے پویلین لگانے کی اجازت دی گئی ہے۔

ایکسپو میں پاکستانی پویلین 'پاکستان کے پوشیدہ خزانے' کی تھیم کے ساتھ موجود ہے جس کو خوب پسند کیا جارہا ہے اور اسے پاکستانیوں سمیت دنیا بھر سے آئے سیاح اور کاروباری افراد سراہ رہے ہیں۔

پاکستانی پویلین ایکسپو کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے پویلین میں سے ایک بن چکا ہے۔ پاکستانی پویلین کو 8 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جہاں پاکستانی ثقافت، سیاحت، تجارت اور ذائقے دار پکوان ملک کی نمائندگی کررہے ہیں۔

پاکستانی پویلین میں آنے والوں کو پاکستان کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز سمیت بلین ٹری سونامی منصوبے سے متعلق معلومات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔

گذشتہ اتوار کو مرکزی اسٹیج جوبلی پویلین میں پاکستانی فنکاروں نے اپنی پرفارمنس سے دھوم مچا دی، پاکستانی سنگر میشا شفیع نےنازیہ حسن کاگانا بوم بوم گا کر شرکاء کے دل جیت لیے، اس موقع پر منیبہ مزاری اور ماریہ اونیرا نے بھی میشا شفیع کا ساتھ دیا۔

install suchtv android app on google app store