ممنوعہ ممالک سے کویت آنے کے لیے غیر ملکیوں کے لیے اہم ہدایات جاری

کویت ائیر پورٹ فائل فوٹو کویت ائیر پورٹ

ممنوعہ ممالک سے کویت آنے کے لیے غیر ملکیوں کو کسی تیسرے ملک میں 14 دن گزارنے سے استثنیٰ دے دیا گیا۔

کویتی حکام نے کہا ہے کہ ویکسینیشن کرنے والے تارکین وطن براہ راست سفر کر کے اب کویت آ سکتے ہیں، قرنطینہ کے لیے کسی تیسرے ملک میں رکنے کی ضرورت نہیں ہے۔

کویت کے سرکاری ذرائع کے حوالے سے روزنامہ القبس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یکم اگست سے ممنوعہ ممالک سے واپس آنے والے ویکسینیٹڈ تارکینِ وطن پر ملک میں داخلے سے قبل کسی تیسرے ملک میں دو ہفتے گزارنے کا قانون اب لاگو نہیں ہوگا۔

حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ قانون ماضی کے فیصلوں کا حصہ ہے، تاہم اب تارکین وطن براہ راست پروازوں سے ملک میں داخل ہو سکتے ہیں، تاہم ملک میں داخلے سے قبل تارکین وطن کو کویت میں منظور شدہ ویکسینز میں سے کوئی بھی ایک لینی ہوگی۔

دیگر طے شدہ شرائط کے مطابق کویت میں آمد سے قبل غیر ملکی 72 گھنٹے قبل کی پی سی آر منفی رپورٹ پیش کریں گے، تاہم کویت میں داخل ہونے والے تارکینِ وطن کو آمد کے بعد گھریلو قرنطینہ کی مدت پوری کرنی ہوگی۔

گھریلو قرنطینہ کے دوران دوسرا پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا، جس کا نتیجہ منفی آنے کی صورت میں گھریلو قرنطینہ ختم ہو جائے گا۔

کویت وزرا کونسل اس سلسلے میں بھی جلد فیصلہ کرے گی کہ ملک میں گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے کے لیے آنے والے خاندانوں میں چھوٹے بچوں کو ویکسینیشن سے مستثنیٰ کیا جائے یا ویکسین کی شرط لازمی قرار دی جائے۔

install suchtv android app on google app store