اگر روس نقصان دہ سرگرمیوں میں مصروف رہا تو اسے سخت نتائج کا سامنا کرنا ہوگا: امریکا

امریکا اور روس فائل فوٹو امریکا اور روس

امریکی صدر جوبائیڈن نے اقتدار سنبھالنے کے بعد بدھ کو اپنے پہلے غیرملکی دورے کا آغاز کیا ہے۔

دورے کے آغاز پر امریکی صدر جوبائیڈن نے نیٹو اتحادیوں کے ساتھ اپنے غیرمتزلزل عزم کا اظہار کیا تاہم روس کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ نقصان دہ سرگرمیوں میں مصروف رہا تو اسے مضبوط اور معنی خیز نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔

جوبائیڈن نے برطانوی ایئربیس پر تقریباً ایک ہزار فوجیوں اور ان کے اہل خانہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اگلے ہفتے نیٹو، جی سیون اور یورپین رہنماؤں کے ساتھ الگ الگ اجلاسوں کے بعد روسی صدر کے ساتھ ملاقات کریں گے تو وہ ان کو ایک واضح پیغام دیں گے۔

امریکی صدر نے اپنے آٹھ روزہ دورے کے آغاز پر کہا کہ ’ہم روس کے ساتھ تنازعات کے خواہاں نہیں، ہم مستحکم تعلقات چاہتے ہیں، لیکن میں واضح کر چکا ہوں کہ اگر روسی حکومت نقصان دہ سرگرمیوں میں ملوث رہی تو امریکا مضبوط اور معنی خیز انداز سے جواب دے گا۔

یورپ روانگی سے قبل امریکی صدر جوبائیڈن نے صحافیوں کو بتایا کہ صدر ولادی میر پیوٹن اور چین پر واضح کرتا ہوں کہ یورپ اور امریکہ مضبوط ہیں۔

واضح رہے کہ جینوا میں 16 جون کو امریکی صدر کی اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ ملاقات اس دورے کا اہم حصہ ہے، امریکی صدر جوبائیڈن برسلز میں نیٹو اور یورپی رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کریں گے۔

توقع ہے کہ ایجنڈے پر روس اور چین غالب ہوں گے اور مشترکہ دفاع سے متعلق مزید فنڈ دینے سے متعلق معاملہ بھی ایجنڈے کا حصہ ہوگا، امریکی صدر جوبائیڈن کے دورے کا اختتام جینیوا میں ہوگا۔

install suchtv android app on google app store