بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ، سابق وزیر بھی انتقال کرگئے

کورونا وائرس فائل فوٹو کورونا وائرس

بھارت میں کورونا وائرس سے ایک روز میں تقریباً ریکارڈ 4 ہزار کے قریب اموات ہوئی ہیں اور 4 لاکھ 12 ہزار سے زائد ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ سابق وزیر بھی کورونا وائرس سے انتقال کرگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا کے مزید 4 لاکھ 12 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 3980 اموات بھی سامنے آئی ہیں جس کے بعد بھارت میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد 2 کروڑ 10 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

بھارت میں ریاست مہاراشٹرا کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 920 اموات ہوئیں اور اس کے بعد اترپردیش میں 353 اموات رپورٹ ہوئیں۔

بھارت دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ واحد ملک ہے جہاں 30 اپریل کو ایک دن میں کورونا کے 4 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد اب ایک بار پھر ایک دن میں ریکارڈ کیسز اور اموات ہوئی ہیں۔

بھارت کی 5 ریاستیں کورونا سے بری طرح متاثر ہیں جن میں مہاراشٹرا، کرناٹکا، کیرالا، اترپردیش اور تامل ناڈو شامل ہیں۔

بھارت میں کورونا کے نئے سامنے آنے والے کیسز میں سے 49 فیصد سے زائد کیسز ان ریاستوں سے رپورٹ ہوئے ہیں جن میں صرف مہاراشٹرا سے تقریباً 14 فیصد کیسز سامنے آئے ہیں۔

بھارت میں اس وقت کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 30 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور فعال کیسز کی تعداد 35 لاکھ 66 ہزار سے زیادہ ہے۔

اس کے علاوہ بھارت میں دنیا کی سب سے بڑی کورونا ویکسی نیشن مہم بھی جاری ہے جس میں اب تک 16 کروڑ 25 لاکھ 13 ہزار سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔

دوسری جانب بھارت کے سابق وزیر اجیت سنگھ کورونا وائرس سے انتقال کرگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 82 سالہ اجیت سنگھ میں 20 اپریل کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد سے وہ اسپتال میں زیر علاج تھے تاہم 6 مئی کو وہ جانبر نہ ہوسکے۔

اجیت سنگھ سابق بھارتی وزیراعظم چرن سنگھ کے بیٹے تھے اور یونین وزیر سول ایوی ایشن، یونین وزیر ایگری کلچر بھی رہ چکے تھے۔

install suchtv android app on google app store