امریکی ریاست کیلیفورنیا میں گزشتہ روز آنے والے زلزلے کے دوران ایک چڑیا گھر میں ہاتھیوں نے تحفظ کے لیے حیرت انگیز اقدام کیا۔
دو روز قبل امریکی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے سان ڈیاگو کاؤنٹی میں 5.2 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ زلزلے سے وہاں کے رہائشی افراد میں خوف وہراس پھیل گیا وہیں زلزلے کے دوران ہاتھیوں کی عجیب وغریب حرکت نے سب کو حیران بھی کر دیا۔
سان ڈیاگو میں ایک چڑیا گھر سے ہاتھیوں کے ریوڑ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے جیسے ہی زمین لرزنے لگی تو اس وقت چڑیا گھر میں موجود افریقہ ہاتھی ایک دائرہ بنا کر کھڑے ہو گئے۔
تقریباً 4 منٹ تک ہاتھیوں کا یہ گروپ دائرہ بنائے کھڑا رہا اور زلزلےکے جھٹکے ختم ہونے کے بعد معمول کے رویے پر واپس آ گیا۔
ایملی سیننگرچڑیا گھر کی ترجمان نے کہا کہ اس کا مقصد چھوٹے ہاتھیوں سمیت پورے ریوڑ کو خطرات سے بچانا ہوتا ہے۔
اس رویے کو ‘الرٹ سرکل’ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
اس کے ساتھ ہی ایملی نے یہ بھی بتایا کہ ہاتھی اپنے پیروں سے زلزلے کی آواز کو محسوس کر سکتے ہیں۔
