ایک پینگوئن نے انٹار کٹیکا سے مغربی آسٹریلیا تک کا سفر سمندر میں تیر کر طے کیا اور سائنسدانوں کو حیران کر دیا۔
سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ یہ کسی بھی پینگوئن کی جانب سے کیا جانے والا طویل ترین سمندری سفر ہے۔
اس پینگوئن کو سب سے پہلے ڈنمارک کے ایک ساحلی قصبے کے ایک سرفر نے دیکھا تھا اور اسے لگا تھا کہ ایک سمندری پرندہ پانی سے نکل رہا ہے مگر پھر احساس ہوا کہ یہ جاندار بہت بڑا ہے۔
سائنسدانوں کے خیال میں یہ پینگوئن 2134 میل تک تیر کر آسٹریلیا کے مغربی قصبے میں پہنچا۔
یہ نر پینگوئن ایک میٹر لمبا ہے اور ممکنہ طور پر اس نے مشرقی انٹار کٹیکا سے سفر شروع کیا تھا۔
سائنسدانوں نے اس سے قبل کسی پینگوئن کو اتنا طویل سفر طے کرتے نہیں دیکھا۔
ابھی یہ پینگوئن خوراک کی کمی کا شکار ہے اور سائنسدان اس کی نگہداشت کر رہے ہیں، اسے جلد سمندر میں چھوڑ دیا جائے گا۔
سائنسدانوں کے مطابق جب پینگوئن کو آزاد کیا جائے گا تو وہ اپنے گھر کا راستہ تلاش کرلے گا۔