بلیوں کو اکثر متلون مزاج اور سرد مزاج تصور کیا جاتا ہے مگر وہ اپنے ساتھی پالتو جانوروں کی موت غم کا اظہار کرتی ہیں، چاہے وہ کتا ہی کیوں نہ ہو۔ یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔
Oakland یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ کسی ایک گھر میں دیگر پالتو جانوروں کے ساتھ رہنے والی بلیاں ان کی موت پر غم کا اظہار مختلف شکلوں میں کرتی ہیں۔
کچھ بلیوں کو سونے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے، کھانے سے منہ موڑ لیتی ہیں یا دکھ بھری آوازیں نکالتی ہیں۔
دیگر بلیاں اپنے مالکان کے زیادہ قریب ہو جاتی ہیں یا اپنے پسندیدہ کھیلوں سے دوری اختیار کرلیتی ہیں۔
محققین کے مطابق نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ بلیاں دوسروں سے الگ تھلگ رہنے والی نہیں ہوتیں اور کسی موت پر سوگ مناتی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بلیاں ایسی صورت میں کم کھانے یا سونے لگتی ہیں یا انسانوں اور دیگر پالتو جانوروں کی زیادہ توجہ حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔
سوگ منانے کا رویہ اس سے پہلے ہاتھیوں، ڈولفنز اور چمپنزیوں میں دیکھنے میں آیا ہے جن کی جانب سے کسی ساتھی کی موت پر مختلف پیچیدہ رویوں کا اظہار کیا جاتا ہے۔
ایک حالیہ تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ کتے بھی اپنے ساتھیوں کی موت پر سوگ کا اظہار کرتے ہیں۔ مگر اس نئی تحقیق میں بتایا گیا کہ کسی بلی کی جانب سے ساتھی کی موت پر غم کا اظہار زیادہ واضح نہیں ہوتا۔
اس تحقیق میں 450 سے زائد پالتو بلیوں کو شامل کیا گیا تھا اور ان کے مالکان سے کسی ساتھی پالتو جانور کی موت پر بلیوں کے رویوں میں آنے والی تبدیلیوں کے بارے میں معلوم کیا گیا۔
محققین کے مطابق کتوں کے برعکس بلیوں کو ملنسار تصور نہیں کیا جاتا۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ ساتھی جانوروں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے سے بلیوں کے رویے پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔