بارش سے حبس کا زور ٹوٹ گیا مگر شہری بجلی، نکاسی آب کے مسائل سے شدید پریشان

بارش سے حبس کا زور ٹوٹ گیا ہے فائل فوٹو بارش سے حبس کا زور ٹوٹ گیا ہے

ملک کے مختلف حصوں میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش سے حبس کا زور ٹوٹ گیا جبکہ گلیوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے آج بھی ملک بھر کے بیشتر حصوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ زیریں سندھ، مشرقی بلوچستان، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

پیر کو بھی سندھ، جنوب مشرقی بلوچستان، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

دو کروڑ سے زائد آبادی والے شہر کراچی میں دو دن میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش کے بعد نکاسی آب اور بجلی کے فراہمی کی مسائل تاحال حل نہیں ہو سکے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

سرجانی ٹاون، نارتھ کراچی، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال، گلستان جوہر میں تیز بارش ہوئی۔ شاہراہ فیصل، ائرپورٹ، صدر، آئی آئی چند ریگر روڈ اور سائٹ ایریا میں بارش ہوئی۔

بارش کے باعث نالوں میں طغیانی آگئی جس سے سرجانی ٹاؤن، یوسف گوٹھ اور ملحقہ علاقوں میں گندا پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ سرجانی ٹاون اور اطرف کے علاقوں میں پانی جمع ہونے سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہے۔

جمعہ کو ہونے والی بارش کے بعد یوسف گوٹھ اور نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی تا حال موجود ہے جس کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔ علاقے میں گھٹنوں گھٹنوں پانی جمع ہونے کے باعث بجلی منقطع ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پانی بھر جانے کی وجہ سے گھروں سے نکلنا مشکل ہے اور باہر آنے کی صورت میں واپس گھر میں جانا مشکل ہو جاتا ہے۔

پاکستان آرمی، سندھ رینجرز اور ایدھی رضاکاروں کی جانب سے ریلف آپریشن جاری ہے۔ نشیبی علاقے سے مدد مانگنے والے افراد کو ریسکیو کر کے دوسرے مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

install suchtv android app on google app store