شہر قائد کے باسیوں کے لیے اچھی خبر، محکمہ موسمیات نے اہم پیشنگوئی کر دی

شہر قائد کے باسیوں کے لیے اچھی خبر، محکمہ موسمیات نے اہم پیشنگوئی کر دی فائل فوٹو شہر قائد کے باسیوں کے لیے اچھی خبر، محکمہ موسمیات نے اہم پیشنگوئی کر دی

شہر قائد میں آسمان پر بادلوں نے ڈیرے ڈال دیے ہیں، مون سون سسٹم نے مضبوطی حاصل کر لی ہے، شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 8 جولائی تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، گزشتہ شام سے شہر میں تیز ہواؤں کے بعد بوندا باندی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

شہر میں آج دن کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، شام میں مون سون سسٹم سے آندھی اور بارش کا امکان ہے، سمندر میں موجود ہوا کے کم دباؤ سے سمندری ہوائیں معطل ہیں، شمال مغربی ہوائیں 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، آج درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جب کہ موجودہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 58 فی صد ہے۔

کراچی میں بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے تاہم دوسری طرف حکومتی انتظامات ناکافی نظر آ رہے ہیں، رین ایمرجنسی کے نفاذ کے اعلان کے باوجود شہر میں بیش تر نالوں کی صفائی نہ ہو سکی، کراچی میں گجرنالہ، لیاری ندی، تین ہٹی ندی سے متصل آبادی تاحال موجود ہے۔

یاد رہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق گزشتہ شام سے سندھ کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، حیدر آباد، سانگھڑ اور دادو میں گرد کا طوفان اور موسلا دھار بارش ہوئی، جیکب آباد اور دادو میں گرج چمک کے ساتھ لیکن ہلکی بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا، سکھر اور گرد و نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

بارش اور آندھی کے باعث سیپکو کے 70 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے، سکھر کے بیش تر اور ارگرد کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، متاثرہ علاقوں میں سکھر، روہڑی، نوشہروفیروز، دادو، شکارپور شامل تھے، بجلی کی بحالی کے لیے سیپکو کا عملہ مستعد رہا۔

سانگھڑ اور گرد و نواح میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، گھروں میں بارش کا پانی داخل ہو گیا، بارش سے قبل آندھی اور مٹی کا طوفان بھی آیا۔

install suchtv android app on google app store