محکمہ موسمیات کی آج پھر کراچی میں ابر رحمت کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات کی آج پھر کراچی میں ابر رحمت کی پیش گوئی فائل فوٹو محکمہ موسمیات کی آج پھر کراچی میں ابر رحمت کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات نے کراچی میں مزید ابر رحمت کی پیش گوئی کرتے ہوئے بتایا کہ شہر میں آج اور کل گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ بارش برسانے والا سسٹم بحیرہ عرب اور بھارتی ریاست گجرات پر ابھی بھی موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم کی وجہ سے کراچی میں آئندہ 2 روز تک شدید گرمی اور حبس رہے گا۔

سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ آج اور کل بھی کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بارش برسانے والا سسٹم منگل تک شہر میں موجود رہے گا۔

کراچی میں آئندہ ہفتے بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ نے یہ بھی بتایا کہ آئندہ تین سے 4 روز میں کراچی میں ایک اور بارش برسانے والا سسٹم آرہا ہے جو پہلے سے زیادہ طاقتور ہوسکتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ شہر قائد میں اس مرتبہ مون سون کا سیزن رواں ماہ 30 ستمبر تک جاری رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں اس وقت مون سون کا تیسرا اسپیل موجود ہے جو وقفے وقفے سے برس رہا ہے جبکہ کراچی کے مخلتف مضافاتی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔

علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے کراچی میں کل سے اب تک ہونے والے بارش کے اعداد و شمار بھی جاری کردیے۔

مذکورہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 2 روز کے دوران شہر قائد کے علاقے سرجانی میں سب سے زیادہ 40.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اس کے علاوہ نارتھ کراچی میں 38.7 ملی میٹر، صدر میں 25 ملی میٹر، ناظم آباد میں 18.5 ملی میٹر، پی اے ایف فیصل بیس اور جناح ٹرمینل پر 16 ملی میٹر، ایم او ایس پر 13ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ، گلستان جوہر اور ماڈل کالونی میں 7، جبکہ مسرور ایئر بیس پر 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کلفٹن میں 14.7 جبکہ کیماڑی میں 8.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی موسلادھار بارش کے نتیجے میں کئی علاقے زیر آب آگئے اور متعدد علاقوں سے بجلی بھی غائب ہوگئی جبکہ کرنٹ لگنے اور دیگر واقعات میں کم از کم 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

install suchtv android app on google app store