مری سمیت بالائی علاقوں میں طوفانی برفباری، نظام زندگی مفلوج

 بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے سردی بڑھ گئی ہے فائل فوٹو بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے سردی بڑھ گئی ہے

ملک بھر میں سردی کی شدید لہر جاری ہے، بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری سے سردی بڑھ گئی۔

بالائی علاقوں میں طوفانی برفباری سے نظام زندگی منجمد ہوگیا، شدید برف باری کے باعث مری سمیت خیبر پختونخوا اور دیگرکئی علاقوں کے زمینی رابطے منقطع ہو گئے، گلگت میں10 سال بعد برف باری ہوئی جبکہ مالم جبہ میں 2.4فٹ، کالام، مری8.5انچ، اسکرود6.5انچ، گلگت، دیر میں 1.0انچ برفباری ریکارڈ کی گئی، نتھیا گلی، ایوبیہ ،کالام،کاغان، سوات، شانگلہ ، دیر، مظفرآباد، کوہستان سمیت چترال اور دیگر بالائی علاقوں میں شدید برفباری ہوئی ، لوگ گھروں میں مقید ہو کر رہ گئے ، سیاحوں کی بڑی تعداد نے بالائی علاقوں کا رخ کر لیا، اسلام آباد میں بارش کے بعد موسم نکھر گیا۔

تاہم سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، مری میں 2 دن برفباری کے بعد سورج نکلنے سے موسم صاف ہو گیا تاہم سردی کی شدت برقرار ہے ، اتوار کی صبح درجہ حرارت منفی 4 ریکارڈ کیا گیا، مالم جبہ، کالام، میاندم اور دیگر بالائی علاقوں میں 2 فٹ برف پڑنے سے موسم انتہائی سرد ہو گیا ۔

ایبٹ آباد میں بھی برف باری ہوئی، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں ، کوئٹہ کا پارہ منفی 5 اور قلات میں منفی 7 رہا، گذشتہ ریکارڈ کیے گئے سرد ترین مقامات کا درجہ حرارت استور، اسکردو منفی08، بگروٹ، گوپس منفی07، ہنزہ، کالام منفی06، دروش منفی04، پاراچنار، مالم جبہ، دیر منفی03، گلگت منفی02، راولاکوٹ، بونجی منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ادھر جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں دھند چھائی رہی، کئی جگہ حد نگاہ صفر ہوگئی۔

موٹروے کو متعدد جگہ سے بند کرنا پڑا، پروازوں اور ٹرینوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا ، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا تاہم گلگت بلتستان، کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پربارش اورپہاڑوں پر مزید برف باری جبکہ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔

install suchtv android app on google app store