اسلام آباد اور دیگر شہروں میں بارش، آئندہ دو روز میں مزید ابررحمت کی پیشگوئی

اسلام آباد اور دیگر شہروں میں بارش اسلام آباد اور دیگر شہروں میں بارش

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ محکمہ موسمیات نے مختلف اضلاع میں آج سے پیر تک بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، ٹیکسلا، حسن ابدال اور صوابی میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جب کہ آزادکشمیر میں مظفرآباد، وادی نیلم، ہٹیاں بالا،باغ، لیپہ اور گریز میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے بعد موسم مزید خوشگوار ہوگیا۔

گلگت بلتستان میں بھی بارش اورپہاڑوں پربرفباری نے ایک بار پھر سردی کو لوٹا دیا ہے۔

چلاس اور استور میں وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے، نانگاپربت، بابو سرٹاپ اور بٹوگاہ ٹاپ پر برفباری سے سردی بڑھ گئی ہے۔

صوابی میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے جب کہ ایبٹ آباد میں گہرے بادلوں کاراج ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج سے منگل تک خیبرپختونخوا، فاٹا، گلگت بلتستان ،اسلام آباد، جنوبی پنجاب، کوئٹہ، قلات، سکھر اور لاڑکانہ ڈویژنز میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

دوسری جانب سندھ اور پنجاب کے بیشتر علاقے گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔

install suchtv android app on google app store