ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری، سردی میں پھر اضافہ

 برفباری فائل فوٹو برفباری

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

ملک کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں اور پہاڑوں پر برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ سردی کا اثر سندھ کی ساحلی علاقوں پر بھی پڑا ہے جس کی وجہ سے کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چلنی شروع ہوگئی ہیں۔

حافظ آباد اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، ننکانہ صاحب ،نارنگ منڈی اور گردونواح میں گرج چمک، تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ سیالکوٹ شہر اور گردونواح میں بھی موسلادھار بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

پنجاب میں بھی گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، میانوالی کے اکثرمقامات پربوندابادی سے موسم انتہائی سرد ہوگیا۔ کامونکے اور گردونواح میں رات بھر سے وقفہ وقفہ سے جاری گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا جب کہ بارش کے ساتھ چلنے والی یخ بستہ ہواؤں سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

کندیاں چشمہ پپلاں اور گردونواح میں مسلسل 8 گھنٹوں سے جاری بارش کے باعث گندم اور چنے کی مرجھاتی فصلوں کو بہت زیادہ فائدہ پہنچا ہے، کسانوں نے بارش کو ابر رحمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بارش کے باعث ان کی مرجھاتی ہوئی فصلیں ایک بار پھر لہلہانے لگی ہیں۔

خیبر پختونخوا میں بنوں اور گردونواح میں موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، بارش کے باعث دو ماہ سے زائد عرصہ تک رہنے والی خشک سالی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے، کسانوں کا کہناہے کہ گندم کی فصل کیلئے بارشوں کی سخت ضرورت تھی، بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے بارانی علاقوں میں گندم کی فصل بری طرح متاثرہورہی تھی، بار ان رحمت برسنے پر لوگوں نے اللہ تعالی کا شکر اداکیا۔

پشاورمیں بھی 2 ماہ بعد رات سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری بارش سے شہر میں جل تھل ہوگیا اور سردی بھی بڑھ گئی، بارش کے باعث پشاور کی سڑکیں کیچڑ سے بھر گئیں تاہم فضاؤں میں معلق گرد صاف ہوگئی اور طویل خشکی کا خاتمہ ہوگیا۔

شمالی وزیرستان میں بھی بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ، ایجنسی کے پہاڑی علاقہ شوال ، بیرمل ، لواڑ منڈی،اور رزمک میں پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ، سوات کے علاقے مینگورہ، کالام ، ماہو ڈھنڈ ،مال، جبہ، دیر لوئر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش دیر 22، کالام 13، پاراچنار 12، میرکھانی 07، دیر زیریں 05، مالم جبہ 04، چترال 03، دروش 01، بلوچستان میں خضدار 11، قلات 08، کوئٹہ03 ، ژوب 01، پنجاب میں بہاولپور 04 اور کوٹ ادو میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ کالام 06، زیارت03، مالم جبہ 02 اور دیر میں 01 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔

آئندہ 24 گھنٹے کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان ڈویژن، بالائی فاٹا، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

install suchtv android app on google app store