پشاور تا لاہور برفباری؟ سردی کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

ملک میں صدی کی شدید ترین سردی اور غیر معمولی برفباری فائل فوٹو ملک میں صدی کی شدید ترین سردی اور غیر معمولی برفباری

ملک میں صدی کی شدید ترین سردی اور غیر معمولی برفباری سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو محکمہ موسمیات نے بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سختی سے تردید کر دی ہے۔

ڈی جی محکمہ موسمیات صاحبزاد خان کا ہم نیوز ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی تمام خبریں من گھڑت اور حقائق کے منافی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ دنوں میں ملک بھر میں موسم معمول کے مطابق رہے گا اور ایسی کوئی غیر معمولی یا ریکارڈ توڑ سردی متوقع نہیں۔

ڈی جی محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال عام سردیوں کے عین مطابق ہے اور عوام کو افواہوں پر کان دھرنے کے بجائے صرف سرکاری اور مستند ذرائع سے جاری کردہ موسمی پیشگوئیوں پر اعتماد کرنا چاہیے۔

محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے گریز کریں تاکہ بلا وجہ خوف و ہراس پیدا نہ ہو۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک خبر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ 16 سے 25 جنوری کے دوران ملک بھر میں گزشتہ 100 سال کی بدترین سردی پڑنے جا رہی ہے۔

دعوی کیا گیا ہےکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں شہری علاقوں میں برفباری کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں، جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی صورتحال آخری بار جنوری 1964 میں دیکھی گئی تھی۔

موسم کی شدت کے پیش نظر سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے بارے میں اہم فیصلہ

لاہور میں بھی موسمیاتی ماڈلز 5 انچ تک برفباری کی نشاندہی کر رہے ہیں جبکہ کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

یہ ایک غیر معمولی صورتحال ہوگی جو 19ویں صدی کے بعد دوبارہ جنم لے سکتی ہے۔

مری اور گلیات میں 2 سے 4 فٹ تک برفباری متوقع ہے، جبکہ دیر میں 1 سے 2 فٹ برف پڑنے اور درجہ حرارت منفی 15 ڈگری تک گرنے کا امکان ہے، جو ماضی کے ریکارڈ توڑ سکتا ہے۔

مظفرآباد اور ایبٹ آباد سمیت آزاد کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے علاقوں میں بھی شدید برفباری اور پھسلن کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں 21 سے 25 جنوری کے دوران انتہائی شدید سردی اور 60 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے برفیلی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 20 جبکہ زیارت میں منفی 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ماہرین نے فراسٹ بائٹ کے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔

install suchtv android app on google app store