خیبر پختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں سیاحتی مقامات پر برفباری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے اور سردی کی شدت میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) شاہ رخ علی کی ہدایت پر عملہ ہائی الرٹ کردیا گیا ہے تاکہ سیاحوں اور مقامی شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
شاہ رخ علی نے کہا کہ نتھیا گلی، ٹھنڈی یانی اور دیگر گلیات کے کئی مقامات پر برفباری کے باعث سڑکیں عارضی طور پر بند ہو گئی ہیں۔
ہیوی مشینری سڑکوں کی صفائی میں مصروف ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا رہی ہے، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بند سڑکوں کو جلد ٹریفک کے لیے بحال کیا جائے گا۔
سیاحوں کی سہولت کے لیے ٹورسٹ فسیلی ٹیشن سینٹرز میں ٹورازم پولیس اور جی ڈی اے کا عملہ موجود ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے ڈرائیور حضرات سے اپیل کی ہے کہ گلیات کے سفر کے دوران گاڑیوں کے ٹائروں پر چین کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔