وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور سمیت پنجاب میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں شدید گرمی کی لہر کا زور ٹوٹ گیا جب کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں کی پیشگوئی بھی کردی ہے۔
پنجاب میں آج بھی گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارشوں کا امکان ہے، ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 4 مئی اتوار کے دن تک جاری رہ سکتا ہے۔ اس دوران آسمانی بجلی گرنے کے امکانات زیادہ ہیں۔
دوسری جانب تیز ہواؤں کے ساتھ بادلوں کی موجودگی کے باعث گرمی کی شدت کم ہوگئی ہے جبکہ درجہ حرارت میں کمی کے باعث گرمی کے ستائے افراد نے سُکھ کا سانس لیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں کم سے کم پارہ 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ 32 تک جانے کا امکان ہے۔
