کراچی سمیت سندھ بھر میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیشگوئی

بارش کی پیشگوئی فائل فوٹو بارش کی پیشگوئی

پاکستان محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین موسمی ایڈوائزری کے مطابق کراچی اور سندھ کے دیگر علاقوں میں (آج) پیر کو تیز بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

یہ پیشن گوئی کراچی میں سات افراد کی ہلاکت کے ایک دن بعد سامنے آئی ہے کیونکہ رواں مون سون سیزن کے دوران طوفانی بارش کے دوسرے اسپیل نے شہر میں تباہی مچا دی تھی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی بحیرہ عرب پر منڈلا رہا ڈپریشن گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران مزید مغرب کی طرف بڑھ گیا تھا اور یہ آج صبح کمزور ہو کر کم دباؤ والے علاقے میں تبدیل ہو گیا۔

اس میں کہا گیا ہے کہ ہوا کا کم دباؤ اب شمالی بحیرہ عرب کے وسطی حصوں، کراچی کے جنوب مغرب میں واقع ہے اور یہ زیریں سندھ اور ساحلی بلوچستان تک پھیلا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ مون سون کی لہریں راجستھان، بھارت کی جانب سے وسطی اور بالائی سندھ میں داخل ہو رہی ہیں۔

ان حالات میں محکمہ موسمیات نے سندھ کے اضلاع لاڑکانہ، نوشہرو فیروز، سانگھڑ، نوابشاہ، گھوٹکی، قمبر شہدادکوٹ، خیرپور اور کشمور میں آج کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، میرپورخاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، دادو، جامشورو، جیکب آباد، شکارپور، سکھر میں موسلادھار اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

مزید براں موسمی نظام کی وجہ سے آج اور کل (منگل) بلوچستان کے لسبیلہ، اُتھل، سونمیانی، اورماڑہ، پسنی، گوادر، جیوانی، تربت، آواران اور کیچ کے علاقوں میں موسلادھار/بہت تیز گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ مسمیات نے خبردار کیا کہ موسلادھار بارش سے لسبیلہ، اُتھل، سونمیانی، اورماڑہ، پسنی، گوادر، جیوانی، تربت، آواران اور کیچ کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے اور شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ اگلے 12 گھنٹوں کے دوران سمندر کی صورتحال انتہائی ناہموار رہے گی اور سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ آج شام تک کھلے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔

محکمے نے متعلقہ حکام کو بھی چوکس رہنے کی ہدایت کی۔

install suchtv android app on google app store