پاکستان میں فائیو جی نیٹ ورک کے لیے دسمبر 2022 کا ہدف مقرر

فائیو جی فائل فوٹو فائیو جی

وزیر آئی ٹی ڈاکٹر امین الحق نے فائیو جی نیٹ ورک کے لیے دسمبر 2022 کا ہدف مقرر کر دیا۔

وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق سے ہواوے کمپنی کے اعلیٰ سطح کے وفد نے آج ملاقات کی، جس کی قیادت ہواوے کے مشرق وسطیٰ ریجن کے صدر چارلس یانگ کر رہے تھے۔

وفد نے پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق وفاقی وزیر آئی ٹی کی کاوشوں کو قابل تعریف قرار دیا۔ چارلس یانگ نے کہا ہواوے کا مکمل فوکس خطے میں فائیو جی نیٹ ورکنگ کا استعمال اور اس کے فروغ پر ہے۔

امین الحق نے کہا ہم تمام لوگوں تک موبائل رابطوں اور انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی کے لیے کام کر رہے ہیں، فائیو جی نیٹ ورک کے لیے دسمبر 2022 کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سافٹ ویئر بورڈ اور اسٹاک ایکسچینج کے درمیان کی گئی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کا مقصد پی ایس ایکس مین بورڈ اینڈ جی ای ایم بورڈ میں درج ٹیکنالوجی کمپنیوں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔

انھوں نے کہا اس کے نتیجے میں آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کے لیے مالیاتی ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کا مضبوط برانڈ امیج بنانے کی کوششوں میں مدد ملے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پی ٹی سی ایل گروپ نے فائیو جی ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ کیا تھا، اس موقع پر موجود سفیر یو اے ای نے فائیو جی ٹیسٹ خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یو اے ای آئی ٹی ٹیلی کام میں سرمایہ کاری میں دل چسپی رکھتا ہے۔

پی ٹی سی ایل گروپ نے فائیو جی ٹیکنالوجی کا یہ تجربہ غیر تجارتی بنیاد پر محدود ماحول میں کیا تھا، فائیو جی ٹیکنالوجی کے ذریعے ریموٹ سرجری کا بھی عملی مظاہرہ کیا گیا تھا۔

install suchtv android app on google app store