پاکستان نے کورونا کی تشخیص کا جدید آلہ تیار کر لیا

کرونا میڈیکل ڈیوائس فائل فوٹو کرونا میڈیکل ڈیوائس

پاکستان نے کورونا کی تشخیص کے لیے ایک جدید آلہ تیار کر لیا ہے۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے میڈیکل ڈیوائس کی منظوری بھی دے دی ہے۔

کوویڈ 19 کی تشخیص کے لیے تیار کردہ آلہ مکمل طور پر مقامی سطح پر بنایا گیا ہے۔ کوویڈ ڈیوائس سی ٹی اسکین اورایکسرے کی ریڈنگ کرے گی۔

کوویڈ ڈیوائس پھیپھڑوں میں موجود کورونا کی تشخیص کرسکے گی اور ایک منٹ سے کم وقت میں نتائج دے گی۔

کوویڈ ڈیوائس کو نیشنل الیکٹرانکس کملیکس آف پاکستان نے تیار کیا ہے۔ اس کی مدد سے کم خرچ میں کورونا کی تشخیص کی جا سکے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 42 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 2 ہزار 843 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا حملوں میں ایک بار پھر تیزی آ گئی ہے اور گزشتہ 130 روز کے دوران متاثر ہونے والے افراد کی تعداد آج سب سے زیادہ ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 71 ہزار 508 ہوگئی جبکہ 7 ہزار 603 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ایک ہزار 389 مریض صحت یاب ہوئے اور اب تک مجموعی طور پر 3 لاکھ 28 ہزار 931 شفا یاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 26 ہزار 177، خیبر پختونخوا میں 43 ہزار 730، سندھ میں ایک لاکھ 61 ہزار 28، پنجاب میں ایک لاکھ 13 ہزار 457، بلوچستان میں 16 ہزار 699، آزاد کشمیر میں 5 ہزار 911 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 506 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔


کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 2 ہزار 826 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 2 ہزار 799، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 323، اسلام آباد میں 270، گلگت بلتستان میں 93، بلوچستان میں 158 اور آزاد کشمیر میں 134 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

install suchtv android app on google app store